ذاکر حسین پر حملہ سازش کا حصہ ، ممتا نے زخمی وزیر کی عیادت کی

,

   

مرشدآباد : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ چہارشنبہ کی رات نمتیتا ریلوے اسٹیشن پر بم حملہ گہری سازش کا نتیجہ ہے۔ اس حملے میں بنگال کے وزیر لیبر ذاکر حسین زخمی ہوگئے۔ بادی النظر میں یہ حملہ منصوبہ بند تھا اور جان بوجھ کر کیا گیا۔ ممتا بنرجی نے آج ہاسپٹل پہنچ کر ذاکر حسین کی عیادت کی۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ریلوے کے احاطہ کے اندر ہوا ہے، لہذا اس کیلئے مرکزی حکومت جوابدہ ہے۔ معاملہ کی تفتیش سی آئی ڈی کو سونپی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں نمتیتا ریلوے اسٹیشن پر نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے کل کیے گیے بم حملہ میں ریاست کے وزیر لیبر ذاکر حسین شدید زخمی ہو گئے ہیں۔جس وقت بم حملہ ہوا اس وقت ریاست کے وزیر لیبر ، ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر تقریباً 10 بجے کولکاتہ جانے والی ٹرین کا انتظار کر رہے تھے۔ اس حملہ میں ذاکر حسین شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جبکہ کم از کم دو دیگر افراد بھی حملہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ڈاکٹرس کے مطابق ذاکر حسین کی حالت مستحکم ہے اور وہ فی الحال خطرے سے باہر ہیں۔ ان کے ایک ہاتھ اور ایک پیر میں چوٹ آئی ہے۔ وزیر کو بہتر علاج کیلئے کولکتہ کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے۔ممتا بنرجی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ذاکر حسین پر کیا گیا بم سے حملہ ایک سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ذاکر حسین کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے کیلئے دباؤ بنا رہے ہیں۔