نئی دہلی 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے متنازعہ مبلغ اسلام ذاکر نائک کے ایک بااعتماد ساتھی کو رقمی ہیر پھیر کے ایک مقدمہ میں آج ممبئی سے گرفتار کرلیا۔ اس ادارہ نے کہاکہ زیورات کا کاروبار کرنے والے عبدالقادر نجم الدین ساتھک کو رقمی ہیر پھیر اور رقومات کی منتقلی میں ذاکر نائک کی سرگرم اعانت میں اُس کے رول پر گرفتار کیا گیا ہے۔ نائک کو وہ متحدہ عرب امارات سے فرضی نام پر رقومات کی منتقلی، ویڈیوز کی تیاری، نشر و ترویج میں بھی مدد کیا کرتا تھا۔ ان ویڈیوز سے فرقہ وارانہ منافرت اور ایک مخصوص طبقہ میں انتہا پسندی پھیل رہی تھی۔ یہ ایجنسی تازہ ترین ثبوتوں کی بنیاد پر مزید ایک چارج شیٹ پیش کرے گی۔ عہدیداروں نے الزام عائد کیاکہ ساتھک ننے نائیک کو 50 کروڑ روپئے کے فنڈس براہ راست روانہ کیا تھا۔ اس مبلغ نے غیر قانونی طور پر رقم جمع اور منتقل کیا تھا۔ عبدالقادر نجم الدین ساتھک ماضی میں نائیک کے پیس ٹی وی چیانل کے مالک ادارہ گلوبل براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کا ڈائرکٹر بھی تھا۔ ساتھک کو ممبئی میں واقع انسداد رقمی ہیر پھیر مقدمات کی سماعت کرنے والی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔