ذخائر آب اور تالابوں کو کسی بھی نقصان سے بچانے عہدیداروں کو اتم کمار ریڈی کی ہدایت

   

آبپاشی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، ہر ضلع میں کنٹرول رومس کا قیام
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست بھر میں جاری موسلادھار بارش میں عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں۔ اتم کمار ریڈی نے آج محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا اور اضلاع بالخصوص کاما ریڈی اور میدک میں ہائی الرٹ کی ہدایت دی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس ، تالابوں ، ذخائر آب اور کنالوں کو کسی بھی نقصان سے بچانے کیلئے عہدیداروں کو چوکس رکھا گیا ہے ۔ پانی کے بہاؤ میں اضافہ کے نتیجہ میں پراجکٹس اور ذخائر آب کی سطح میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے پانی کی اجرائی کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی ، ضلع کلکٹرس ، ریونیو اور دیگر محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل ضروری ہے تاکہ عوام کو بارش کے نقصانات سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات سے قبل احتیاطی تدابیر پر توجہ دی جائیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں موسلادھار بارش کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیدار صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے متاثرہ مقامات کا دورہ کر رہے ہیں۔ عہدیداروں کو فوری طور پر امدادی کاموں کے لئے فنڈس کے حصول کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ نظام ساگر پراجکٹ میں اضافی پانی کو چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کاما ریڈی میں تاریخ کی سب سے زیادہ بارش کے پیش نظر ذخائر آب پر نظر رکھیں۔ کسانوں کو بارش کے دوران کھیتوں میں جانے سے روکا جائے تاکہ پانی کی سطح میں اضافہ سے کوئی نقصان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کے معمول پر آنے تک عہدیداروں کو چوکسی برقرار رکھنی چاہئے ۔ گوداوری اور کرشنا کے تحت موجود تمام آبپاشی پراجکٹس کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔ ہر ضلع میں ایمرجنسی کنٹرول رومس کے قیام کی ہدایت دی گئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے انجنیئر انچیف امجد اللہ کو ہدایت دی کہ وہ ذخائر آب کی سطح پر نظر رکھیں اور روزانہ کی اساس پر پانی کی اجرائی کا جائزہ لیں۔ انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ روزانہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست کو سیلاب کی صورتحال سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔1