سدّی پیٹ، 29 جنوری 2025 ضلع کلکٹر ایم. منّو چودھری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع میں رنگنائک ساگر اور ملّنّا ساگر ذخائر آب کے ڈسٹری بیوشن کینال کے لیے اراضی حصولی کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ چہارشنبہ کے روز، کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں رنگنائک ساگر اور ملّنّا ساگر ذخائر آب سے متعلق ڈسٹری بیوشن کینال کی اراضی حصولی کے عمل پر ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر نے ایڈیشنل کلکٹر عبد الحمید کے ساتھ مل کر محکمہ آبپاشی اور ریونیو کے عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی غور و خوض کیا۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے کلکٹر کو ذخائر آب اور ان کے کینال کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ رنگنائک ساگر اور ملّنّا ساگر ذخائر آب سے پانی کی تقسیم کے لیے میجر کینال کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے، تاہم، مائنر اور سب مائنر کینال کے لیے اراضی حصولی مکمل ہونے کے بعد ضلع میں کمانڈ ایریا میں نمایاں اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔ کلکٹر نے کہا کہ اراضی حصولی کے دوران دیہاتوں میں بعض رکاوٹیں درپیش ہیں، لہٰذا ریونیو اور آبپاشی کے عہدیداروں کو ان تمام مسائل کو نوٹ کرتے ہوئے ایک مربوط حکمت عملی کے ساتھ فیلڈ میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈسٹری بیوشن کینال کی تعمیر کے لیے ضروری اراضی کو ہر منڈل کی سطح پر ریونیو اور آبپاشی کے عہدیداروں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دے کر جلد از جلد حاصل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کینال سے ہونے والے فوائد سے آگاہ کرتے ہوئے اراضی حصولی کا عمل مکمل کیا جانا چاہیے۔ اس اجلاس میں اسپیشل ڈپٹی کلکٹر (لینڈ ایکوزیشن) گیتا، آر ڈی او سدانندم، محکمہ آبپاشی کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ افراد شریک تھے۔