آئی پی ایس عہدیدار وینکٹیشور راؤ کو تلخ تجربہ
حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) عام طور پر کسی بھی اعلیٰ عہدیدار کی نئی پوسٹنگ اُن کے لئے خوشی کا باعث ہوتی ہے لیکن آندھراپردیش کے ایک سینئر آئی پی ایس عہدیدار اے بی وینکٹیشور راؤ کو خوشی اور غم کے ملے جلے جذبات سے گزرنا پڑا۔ آندھراپردیش کی جگن موہن ریڈی حکومت نے اے بی وینکٹیشور راؤ کو طویل عرصہ قبل معطل کیا تھا۔ سنٹرل اڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے معطلی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ آئی پی ایس عہدیدار کو پوسٹنگ دی جائے۔ چیف سکریٹری آندھرا پردیش جواہر ریڈی نے اڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے احکامات پر عمل آوری کا فیصلہ کیا جس کے تحت اے بی وینکٹیشور راؤ کو کمشنر پرنٹنگ اور اسٹیشنریز مقرر کیا گیا۔ وینکٹیشور راؤ نے احکامات کی اجرائی کے ساتھ ہی آج اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی لیکن اُن کے لئے آج سروس کا آخری دن تھا کیوں کہ وہ آج شام وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ وینکٹیشور راؤ نئی پوسٹنگ پر بظاہر خوش تھے لیکن اُنھوں نے کہاکہ وہ شام میں وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں لہذا اُن کے لئے یہ پوسٹنگ محض چند گھنٹوں کی خوشی ثابت ہوئی ہے۔ اُنھیں اِس بات پر اطمینان ہے کہ اڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے اُن کی معطلی کو کالعدم کردیا اور حکومت کو پوسٹنگ دینے پر مجبور ہونا پڑا۔ 1