دبئی: آئی سی سی T20 ورلڈ کپ کی شروعات سے چند روز پیشتر افغانستان کی قیادت کی ذمہ داری پانے والے محمد نبی نے اعتراف کیا ہے کہ انھیں بڑے ٹورنمنٹ میں کٹھن کام سونپا گیا ہے۔ مشکلات سے دوچار ملک موجودہ طور پر نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ اسٹار آل راؤنڈر راشد خان نے ٹیم سلیکشن میں ان سے مشورہ نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کپتانی چھوڑ دی۔ چنانچہ 36 سالہ محمد نبی کو 10 اکٹوبر کو معلنہ قطعی افغان اسکواڈ میں کیپٹن نامزد کیا گیا۔ وہ قبل ازیں 2013 تا 2015 کپتان تھے۔ افغان ٹیم کا ورلڈ کپ میں پہلا میچ 25 اکٹوبر کو راؤنڈ ون کے کوالیفائر سے ہوگا جو ابھی طے ہونا ہے۔