ذوالحجہ کا پہلا جمعہ،حر م مکی میں عازمین حج کا کثیر اجتماع

,

   

ریاض: حرمین شریفین کے انتظام و انصرام سے متعلق عمومی صدارت نے اعلان کیا ہے کہ مسجد حرام عازمین حج کے استقبال کے لئے پوری طرح تیار ہے۔واضح رہیکہ جمعہ کا یہ دن ایام حج کے دوران مسجد حرام میں عازمین حج کے پہنچنے اور موجودگی کے اعتبار سے مصروف ترین دن ہوتا ہے اور عازمین حج مسجد حرام میں بڑی تعداد میں پہنچ چکے ہیں۔ عازمین حج کی بہت بڑی تعداد پہلے ہی مکہ پہنچ چکی تھی تاکہ 8 ذوالحجہ سے مناسک حج کی ادائیگی شروع کر سکے۔ مسجد حرام میں ان عازمین حج کے استقبال اور دیگر انتظامی امور کے لئے 400 خدام کو مامور کیا ہے۔ انہیں حرم کے اندر اور باہر مامور کیا گیا ہے۔یہ خدام عازمین کے استقبال کے علاوہ انہیں مطاف اور دوسری مختلف جگہوں کے بارے میں رہنمائی کریں گے۔ نیز عازمین حج کی بیت اللہ شریف میں آمد اور روانگی کے امور کی نگرانی کریں گے۔ اس سلسلے میں بیت اللہ شریف میں تمام تر انتظامات کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی تھی۔ ان انتظامات کے تحت چار ہزار ملازمین مسجد حرام کی صفائی ستھرائی کے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔ دن میں دس مرتبہ حرم شریف میں صفائی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ماحول کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف رکھنے لئے 13000 لیٹر جراثیم کش مادہ استعمال کیا جارہا ہے جبکہ حجاج کو آب زمزم کی سہولت بہم پہنچانے کے لئے 25000 واٹرکولر پورے حرم میں رکھے گئے ہیں۔
عازمین حج کے لئے خوشخبری، سفر حج سے متعلق 14زبانوں میں 13 رہنماکتابچے
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے عمومی مقتدرہ اوقاف کے ساتھ کلیدی شراکت داری کے تحت رواں سال کے حج کے لئے دنیا بھر کے تمام عازمین جج وعمرہ کے لئے نیا آگاہی پروگرام شروع کیا ہے۔اس آگاہی پروگرام میں 13 تفصیلی رہنما کتابچے ہیں جو عازمین کی دلچسپی کے موضوعات کے بارے میں آسان طریقے سے حج کے تمام مراحل اور مناسک کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں۔ یہ معلومات آن لائن پورٹل کے ذریعے 14 عالمی زبانوں میں دی گئی ہیں۔ ویب سائیٹ https://guide.haj.gov.sa سے عازمین و صارفین استفادہ کر سکتے ہیں۔یہ آگاہی کتابچے سعودی ویژن 2030ء کے مقاصد کے عین مطابق ہیں جن کا مقصد حجاج کرام کو بیت اللہ کے سفر میں سہولت فراہم کرنا اور ان کے تمام سوالوں کے جوابات 14سے زیادہ زبانوں میں تسلی بخش انداز میں دے کر انہیں حج کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔یہ سہولت اردو کے علاوہ عربی، انگریزی، فرانسیسی، بنگالی، انڈونیشین، ملے ،باھاسا، امہاری، فارسی، اسپانوی، ترکیہ، روسی اور سنہالی میں دستیاب ہیں۔ وزارت حج وعمرہ نے بتایا ہے کہ اپنے تمام تراجم کے ساتھ 182گائیڈز مختلف زبانوں میں پیش ہیں۔ ان میں حج کے حوالے سے قانونی امور، صحت کے معاملات، شرعی رہنمائی، قواعد کی معلومات اور تنظیمی نوعیت کی ہدایات آسان زبان میں تصاویر اور تفصیلی انفو گرافکس کے ذریعے فراہم کی گئی ہیں تاکہ قاری کو پڑھنے اور انہیں سمجھنے میں آسانی ہو۔اس اقدام کے ذریعے حج وعمرہ کی وزارت عازمین حج کی خدمت بجا لانے کی کوشش کرتی ہے کہ ضیوف الرحمن ان معلومات کے حصول کے بعد زیادہ سے زیادہ عبادات بجا لا سکیں۔ یہ معلومات 24 گھنٹے اسمارٹ ڈیوائسز پر مفت دستیاب ہیں۔ آن لائن پورٹل پر اس حوالے سے 10,178 صفحات پر مشتمل معلومات استفادے کیلئے موجود ہیں۔