ممبئی : ڈیجیٹل میڈیا کی معروف شخصیت ذوالفقار خان نے گروپ سی او او کی حیثیت سے ٹی وی پروڈکشن ہاؤس ’بالا جی ٹیلی فلمس‘ سے وابستگی اختیار کرلی ہے۔ اِس پروڈکشن ہاؤس کی ملکیت میں SVOD پلیٹ فارم اے ایل ٹی بالاجی شامل ہے۔ نئی ذمہ داری میں ذوالفقار کا رابطہ بالاجی ٹیلی فلمس کی ایم ڈی شوبھا کپور سے رہے گا۔ کمپنی نے اِس تقرر کا اعلان ملازمین کے لئے ایک ای میل میں کیا ہے۔ اِس عہدہ پر ذوالفقار نے نچیکت پنت ویدیا کی جگہ لی ہے۔ سابق میں ذوالفقار اسٹریمنگ پلیٹ فارم Hooq کے انڈیا ایم ڈی رہے، جو مئی 2020 ء میں بند ہوگیا۔ اِس سے قبل وہ ایروس ناؤ کے بزنس ہیڈ بھی رہ چکے ہیں۔ اُس سے قبل ذوالفقار نے اسٹار انڈیا کے لئے 16 سال کام کیا۔ وہ اسٹار انڈیا میں ایس وی پی ایڈ سیلز کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے تھے۔