اتفاق رائے سے انتخاب، چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔26۔نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز کونسل کے نائب صدرنشین کے عہدہ پر پہلی مرتبہ ایک مسلم خاتون کو منتخب کیا گیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کی رکن قانون ساز کونسل ذکیہ خانم کو اتفاق رائے سے نائب صدرنشین منتخب کیا گیا۔ انہوں نے ایوان میں اپنے نئے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی اور چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، ریاستی وزراء اور ساتھی ارکان نے انہیں کرسیٔ صدارت تک پہنچایا اور مبارکباد پیش کی۔ قانون ساز کونسل کے صدرنشین کی حیثیت سے تلگو دیشم کے محمد شریف خدمات انجام دے چکے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے جب نائب صدرنشین کے عہدہ پر کسی مسلم اور وہ بھی خاتون کو منتخب کیا گیا۔ ایوان میں جیسے ہی متفقہ انتخاب کا اعلان ہوا ، چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ان کی کرسی تک پہنچے اور ساتھ میں کرسیٔ صدارت تک پہنچے۔ ذکیہ خانم نے نائب صدرنشین کے عہدہ پر انتخاب کیلئے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے نائب صدرنشین کے عہدہ کیلئے انہیں اہل تصور کیا ہے جس پر وہ شکریہ ادا کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے خواتین کی بھلائی اور ترقی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے اور خواتین کی ترقی کے معاملہ میں آندھراپردیش ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے ایک مثال ہے۔ ایک گھریلو خاتون کو اہم عہدہ پر فائز کرنا چیف منسٹر کی اقلیت دوستی کا ثبوت ہے۔ آندھراپردیش کی اقلیتیں اس فیصلہ پر خوش ہیں۔ ذکیہ خانم نے کہا کہ اقلیتوں کی سماجی ، معاشی اور سیاسی ترقی کیلئے جگن موہن ریڈی نے کئی اقدامات کئے۔ انہوں نے بتایا کہ رائے چوٹی کے اقلیتوں سے جگن نے وعدہ کیا تھا کہ مقامی قائد کو ایم ایل سی کے عہدہ پر فائز کیا جائے گا اور اس وعدہ کی تکمیل کی گئی ہے۔ ذکیہ خانم کے شوہر محمد افضل خان مرحوم مارکٹ کمیٹی کے صدرنشین رہ چکے ہیں۔ انہوں نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کی ، ان کی پیدائش یکم جنوری 1971 کی ہے۔ ذکیہ خانم کا تعلق رائے چوٹی ضلع کڑپہ سے ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے ذکیہ خانم کے نائب صدرنشین کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ایوان میں خطاب کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ر
جگن نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں نے اپنی بہن ذکیہ خانم کو ایسے مقام پر فائز کیا ہے۔ر