ذہنی دباؤ،آسٹریلیائی ٹیم کیلئے وباء بن گیا :چیپل

   

Ferty9 Clinic

سڈنی ۔15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق کپتان ایان چیپل نے کہا کہ ذہنی پریشانیوں کی وجہ سے سرگرم کھلاڑیوں کا کرکٹ سے وقفہ لینا ان کے ملک میں ایک وبا کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔ انہوں نے کرکٹ بورڈ سے فورا اس پر توجہ دینے کی اپیل کی۔ بین الاقوامی اسٹار کرکٹر گلین میکسویل اور نک میڈنسن کے کھیل سے وقفہ لینے کے دو ہفتے بعد وکٹوریہ کے نوجوان ول پکووسکی ٹیم انتظامیہ کو ذہنی صحت کی پریشانی کی رپورٹ کرنے والے تیسرے آسٹریلیائی کھلاڑی بن گئے۔ پکووسکی نے ذہنی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔ چیپل نے مقامی ریڈیو اسٹیشن تھری اے ڈبلیو سے کہا کہ یہ پیچیدہ مسئلہ ہے ، یہ تقریبا وبا کی شکل اختیار کرچکا ہے ، یہ کہنا صحیح ہے کہ ان کھلاریوں کے بارے میں کہنا جرات مندانہ ہے ، ہاں ، یہ جرات مندانہ ہے ، لیکن کرکٹ آسٹریلیا کو اس کی جڑ تک پہنچنا ہوگا کہ ایسا کیوں ہورہا ہے۔ خیال رہے کہ ول پکووسکی کو پاکستان کے خلاف ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ کیلئے 14 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور ایسا مانا جارہا تھا کہ وہ برسبین میں کرئیر کا آغاز کرسکتے ہیں لیکن میچ سے پہلے ہی پکووسکی ذہنی دباوکا شکار ہوگئے۔ تاہم ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ پکووسکی اس طرح ذہنی کشیدگی کی وجہ سے باہر ہوئے ہیں۔ پکووسکی کے باہر ہونے کے بعد کیمرن بینکرافٹ کو جگہ دی گئی ہے۔ ول پکووسکی وکٹوریہ کے بیٹسمین ہیں۔ انہیں آسٹریلیا کا اگلا اسٹیو اسمتھ بھی کہا جاتا ہے۔