ذیشان صدیقی بھی تھے حملہ آوروں کے نشانہ پر ، ممبئی پولیس کا انکشاف

,

   

ممبئی : ممبئی پولیس نے اس بات کا انکشاف کیا ہے اور کہ این سی پی لیڈر بابا صدیقی کے قتل میں ملوث شوٹرز نے ان کے بیٹے و رکن اسمبلی ذیشان صدیقی کو بھی نشانہ بنانے کا ارادہ کیا تھا۔ تفتیش کے دوران ملزمین نے بتایا کہ انہیں بابا صدیقی اور ذیشان صدیقی دونوں کو قتل کرنے کا حکم دیا گیا تھا، اور وہ کسی پر بھی فائر کرنے والے تھے جو موقع پر ملتا۔ذیشان صدیقی کو اس واقعہ سے پہلے بھی دھمکیاں مل چکی تھیں۔ ممبئی پولیس کرائم برانچ نے قتل کے سلسلے میں پروین لونکر کو پونے سے گرفتار کیا ہے۔ افسران کے مطابق پروین، شبو لونکر کا بھائی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ بابا صدیقی کے قتل میں لارنس بشنوئی گینگ ملوث ہے۔ شبو لونکر اس وقت فرار ہے۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ کیس میں ملوث ملزم دھرم راج کشیپ نابالغ نہیں ہے، جس کا پتہ اوسٹیفکیشن ٹیسٹ کے ذریعے چلا۔ بابا صدیقی کو ان کے نرمل نگر میں دفتر کے باہر گولی ماری گئی تھی، اور ان کا کئی گولیاں لگنے کی وجہ سے لیلاوتی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی تدفین مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ بڑا قبرستان میں کی گئی۔