رئیل اسٹیٹ تاجر وجئے بھاسکر ریڈی کا قاتل گرفتار

   

ہتھیار اور دیگر اشیاء ضبط ، کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس انجنی کمار کا بیان
حیدرآباد : یکم / ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے رئیل اسٹیٹ تاجر وجئے بھاسکر ریڈی کے قتل کیس میں ملوث خاطی کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے دیسی ساختہ ہتھیار اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ /29 نومبر کو ٹی وجئے بھاسکر ریڈی کی بیوی سوپنا نے تروملگیری پولیس سے شکایت درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے قریبی رشتہ دار ٹی نریندر ریڈی نے اراضی فروخت کرنے کے معاملے میں اس کے شوہر کو اپنے ساتھ لے گیا ۔ بعد ازاں اس کی نعش آر ٹی سی کالونی تروملگری میں سوئفٹ کار سے دستیاب ہوئی تھی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ ملزم نریندر ریڈی اولڈ الوال سکندرآباد کا ساکن ہے اور وہ بھی رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے ۔ وجئے بھاسکر ریڈی کی جانب سے رئیل اسٹیٹ معاملت میں مداخلت پر نریندر ریڈی اسے ناراض تھا جس کے سبب اس کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ اس سلسلہ میں مدھیہ پردیش برہان پور سے تعلق رکھنے والے رام کمار سے رابطہ قائم کرتے ہوئے دو دیسی ساختہ بندوقیں حاصل کیں اور کارتوس بھی خریدے اور ان ہتھیار کو اپنے مکان میں پوشیدہ رکھا ۔ سابق میں الوال کے سابق کارپوریٹر پی مادھو کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا لیکن ناکام تھا ۔ وجئے بھاسکر ریڈی سے اراضی تنازعات کے نتیجہ میں اور ایک پلاٹ کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں دونوں کے درمیان مخاصمت چل رہی تھی اور موقع دیکھ کر /29 نومبر کو نریندر ریڈی نے وجئے بھاسکر ریڈی کا قتل کردیا تھا ۔ ٹاسک فورس نے اس معمہ کو حل کرتے ہوئے خاطی کے قبضہ سے دیسی ساختہ بندوقیں ، کارتوس ، 7 لاکھ 20 ہزار نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے عدالت میں پیش کردیا اور بعد ازاں اسے جیل منتقل کردیا ۔ ب