رئیل اسٹیٹ تاجر کے مکان میں سرقہ کے ملزمین گرفتار

   

تاجر کا ڈرائیور اور دیگر سے مسروقہ رقم ضبط ، کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : رئیل اسٹیٹ تاجر کے مکان میں 2.5 کروڑ کی نقد رقم کے سرقہ میں ملوث 5 رکنی ٹولی بشمول ایک ڈرائیور کو گولکنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 23 جولائی کو صبح کی اولین ساعتوں میں ٹولی چوکی علاقہ میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ نامعلوم سارقین نے رئیل اسٹیٹ کے تاجر اسدالدین احمد کے مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ 2.5 کروڑ روپئے کی نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا۔ گولکنڈہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے اسدالدین کے ڈرائیور محمد افسر کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے کر تفتیش کی جس میں سرقہ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ انجنی کمار نے کہاکہ محمد افسر جو اپنے مالک جو رئیل اسٹیٹ تاجر ہے کے کاروباری اور رقمی لین دین کی تمام تفصیلات سے واقف ہے۔ 21 جولائی کو رئیل اسٹیٹ تاجر اپنے افراد خاندان کے ساتھ شاہ میر پیٹ میں واقع فارم ہاؤز گیا تھا جس کا کار ڈرائیور افسر کو علم تھا۔ افسر نے اپنے چار ساتھیوں مرزا اشفاق بیگ، رحمن بیگ، محمد امیر اور سید عمران کی مدد سے موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے مالک کے مکان میں داخل ہوا اور وہاں موجود 2.5 کروڑ روپئے لے کر فرار ہوگیا۔ انجنی کمار نے کہاکہ مسروقہ رقم کو ملزمین نے رحمن بیگ کے مکان میں چھپایا اور بعدازاں آپس میں تقسیم کرلئے۔ گولکنڈہ پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 1.29 کروڑ روپئے نقد برآمد کرلئے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔