رئیل اسٹیٹ شعبہ انتہائی ابتری کا شکار ، خریداروں کو زرین موقع

   

قیمتوں میں گراوٹ ، بڑے پراجکٹس کی قیمتیں قابل دسترست ، متعدد فلیٹس کی بکنگ منسوخ
حیدرآباد۔5جون(سیاست نیوز) رئیل اسٹیٹ شعبہ کی پریشانیو ںمیں اضافہ کو روکنا حکومت کے اختیار میں نہیں رہا اور نہ ہی کوئی رئیل اسٹیٹ اداروں کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات انجام دینے والی تنظیمیں اس جانب متوجہ ہونے کے موقف میں ہیں کیونکہ رئیل اسٹیٹ شعبہ کی حالت انتہائی ابتر ہونے کی پیش قیاسی کے ساتھ یہ کہا جانے لگا ہے کہ اب خریداری کیلئے بہتر وقت ہے اور ان حالات میں ضرورت مند خریدار ہی اپنی ضرورت کی تکمیل کریں گے اور رئیل اسٹیٹ شعبہ میں پائی جانے والی مندی قیمتو ںمیں گراوٹ کا سبب بنے گا جو کہ متوسط طبقہ جو کہ گھر کی خریدی کیلئے رقم جمع کیا ہوا تھا وہ اب جائیداد کی خریدی کے متعلق غور کرسکتا ہے کیونکہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد بازار میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کا اثر جائیدادوں کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوگا اور یہ اثرات طویل مدت تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے ۔ رئیل اسٹیٹ کے زیر تکمیل پراجکٹس کی قیمتوں میں بھی گراوٹ ریکارڈ کی جانے کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ کئی پراجکٹس میں قیمتیں قابل دسترس ہوگئی ہیں اور جن پراجکٹس کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے ان پراجکٹس میں بھی آئندہ چند ماہ کے دوران قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ جو دفاتر رہائشی علاقو ںمیں موجود فلیٹس میں چلائے جا رہے تھے ان دفاتر کی جانب سے فلیٹس خالی کئے جانے کے سلسلہ میں نوٹسوں کی اجرائی عمل میں لائی جانے لگی ہے جو کہ مالکین جائیداد کیلئے اور رئیل اسٹیٹ شعبہ کے لئے سر درد بنتا جا رہاہے۔ اپنی ذاتی جائیداد اور ذاتی گھر کے خواہشمندوں کے لئے ماہرین رئیل اسٹیٹ کا کہنا ہے کہ یہ زریں موقع ہے کہ وہ اپنی جائیداد خرید سکتے ہیں کیونکہ جن جائیدادوں پر بینکوں کی جانب سے قرض کی سہولت حاصل ہے ان جائیدادوں کے حصول کے ذریعہ بہ آسانی اقساط کی ادائیگی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔دونوں شہروں کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں جہاں جائیدادوں کی قیمتو ںمیں لاک ڈاؤن سے قبل زبردست اچھال ریکارڈ کیا جارہا تھا ان علاقوں میں بھی طلب میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور جن لوگوں نے زیر تعمیر پراجکٹس میں فلیٹس بکنگ کروائی تھی وہ لوگ اپنی بکنگ منسوخ کروانے لگے ہیں کیونکہ خریداروں میں اس بات کا احساس پیدا ہونے لگا ہے کہ چند ماہ میں جائیدادوں کی قیمتوں میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور خریداری کے رجحانات میں آنے والی گراوٹ سے عاجز رئیل اسٹیٹ پراجکٹس کے ڈیولپرس اور مالکین کی جانب سے جائیدادوں کی قیمتوں میں کمی لائی جائے گی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں رئیل اسٹیٹ تاجرین اور ڈیولپرس کی جانب سے فلیٹس کیلئے کی جانے والی بکنگ کو منسوخ کرنے سے انکار کیاجا رہاہے اور قیمتوں میں کمی کیلئے پیشکش کی جانے لگی ہے تاکہ پراجکٹس کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے ۔