نریڈ کو پراپرٹی شو کا افتتاح ، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : وزیر آبپاشی و سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے آج رئیل اسٹیٹ شعبہ کو تیقن دیا کہ حکومت اس شعبہ کی بھر پور مدد کرے گی ۔ نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل (NAREDCO) تلنگانہ چیاپٹر کے زیر اہتمام یہاں ہائی ٹیکس ، ہائی ٹیک سٹی میں 25 تا 27 اکٹوبر منعقد ہورہے 14 ویں سہ روزہ پراپرٹی شو کے افتتاح کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی میں رئیل اسٹیٹ شعبہ کا اہم رول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صد فیصد رئیل اسٹیٹ شعبہ کے ساتھ ہے اور حیدرآباد کو ایک گلوبل سٹی بنانے کے سلسلہ میں وہ اس شعبہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت انفراسٹرکچر کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے اور ریجنل رنگ روڈ ، ریڈئیل روڈ ڈیولپمنٹ اور حیدرآباد میٹرو نیٹ ورک کی توسیع کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رئیل اسٹیٹ کو ایک گروتھ انجن کے طور پر بڑھاوا دینا چاہتی ہے اس کے علاوہ عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کو فروغ دینا اور بزنس کے لیے معاون ماحول فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے ۔ اس موقع پر نریڈکو کے نیشنل صدر ہری بابو ، تلنگانہ چیاپٹر صدر وجئے سائی میکا ، سکریٹری جنرل سریدھر ریڈی ، نائب صدر کالی پرساد ڈامیرا ، ایگزیکٹیو وائس پریسیڈنٹ ڈاکٹر وائی کرن بھی موجود تھے ۔۔