سرکاری اُگادی تقریب میں پنڈت کی پیش قیاسی، اتوار کو پارٹیوں کے اہتمام سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) تلگو سال نو اُگادی کے موقع پر رویندرا بھارتی میں منعقدہ تقریب میں بھدراچلم مندر سے تعلق رکھنے والے پنڈت باچم پلی سنتوش کمار شاستری نے پنچانگم کے ذریعہ آئندہ ایک سال میں ریاست کی سیاسی اور معاشی صورتحال کے بارے میں مختلف پیش قیاسیاں کی ہیں۔ سنتوش کمار شاستری نے پیش قیاسی کی کہ تلنگانہ میں ایک سال کے دوران رئیل اسٹیٹ کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا۔ اُنھوں نے ریاست کی معاشی ترقی کی پیش قیاسی کی اور کہاکہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات ثمرآور ثابت ہوں گے۔ پنچانگم میں پیش قیاسی کی گئی کہ برسر اقتدار افراد کے درمیان مسابقت میں اضافہ ہوگا اور دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس اپنی اپنی ریاستوں کی ترقی اور عوام کی بھلائی کے لئے مسابقتی انداز میں اقدامات کریں گے۔ پنڈت نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی عوامی بھلائی کے اقدامات کی ستائش کی اور کہاکہ تلنگانہ میں بارش کی کوئی کمی نہیں ہوگی اور فصلیں بہتر طور پر پیداوار دیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر رہے گی اور پولیس کی جانب سے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ پنچانگم میں پیش قیاسی کی گئی کہ تلنگانہ عوام کی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور عوام خوشحال رہیں گے۔ مرکز سے فنڈس کے حصول میں دشواری کے سبب ریاست کو کسی قدر مشکلات آسکتی ہیں۔ تلگو ریاستوں میں پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر تنازعہ ریاستوں کے لئے برقرار رہے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اِس تنازعہ کو حل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ پنچانگم میں تعلیم، صحت اور روزگار پر حکومت کی توجہ کی ستائش کی گئی۔ پنڈت سنتوش کمار شاستری نے قائدین کو مشورہ دیا کہ اتوار کے دن پارٹیوں کے اہتمام سے گریز کریں جس کے نتیجہ میں ریاست کے لئے بہتر صورتحال پیدا ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں رجسٹریشن کی شرح میں اضافہ ہوگا اور رئیل اسٹیٹ کاروبار عروج پر رہے گا۔1