رئیل اسٹیٹ گروپ کے 21ہزار کھاتوں کے سبب پی ایم سی کا دیوالیہ

   

۔ 4ہزار کروڑروپئے کے قرضوں کی اجرائی ، اصل کھاتوں کی تعداد صرف 44

ممبئی ۔ 17اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کی ایک عدالت نے پی ایم سی بینک کے سابق ڈائرکٹر سرجیت سنگھ اروڑہ کو مذکورہ بینک میں کئی کروڑروپیوں کے گھٹالے کے سلسلہ میں 22اکٹوبر تک پولیس کی تحویل میں رکھنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ عدالت نے اس بینک کے سابق منیجنگ ڈائرکٹر جوئے تھامس کو بھی 14دن کی عدالتی تحویل کے احکامات جاری کردیئے ۔ ان کی پولیس تحویل کی مدت جمعرات کوختم ہونے والی تھی ۔ اروڑہ کو پی ایم سی بینک میں 4,355 کروڑ روپیوں کے گھپلے کے سلسلہ میں معاشی جرائم کے محکمہ نے گرفتار کیا تھا ۔ اس کیس میں گرفتار ہونے والے اروڑہ پانچویں عہدیدار ہیں ۔ متعلقہ عہدیداروں نے بتایا کہ اروڑہ کا کردار اس گھپلے میں سامنے آیا ہے ۔ وہ قرضوں کو منظوری دینے کے جرم میں ملوث پائے گئے ۔ جوئے تھامس ، اروڑہ کے علاوہ ایچ ڈی آئی ایل کے صدرنشین اور منیجنگ ڈائرکٹرراکیش و دھوان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ اس بینک کے کھاتوں کی جملہ رقومات 11000 کروڑ بتائی گئی ہیں ، معاشی جرائم کے انسداد کے محکمہ نے بتایاکہ 44 قرضوں کے کھاتوں کو 21049 نقلی کھاتوں سے بدل دیا گیا اور انہیں قرض نادہندگان قرار دیا گیا اور ان کا تعلق رئیل اسٹیٹ گروپ سے بتایا گیا جس سے بینک میں حالیہ بحران پیدا ہوا ۔