رائلسیما اور ساحلی اے پی کے چند اضلاع میں شدید بارش، کئی درخت ، برقی پولس گرپڑے

   

امراوتی ۔/17 اکٹوبر، ( ایجنسیز ) خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے مراکز نے جو جمعرات کی صبح پڈوچیری اور نیلور کے درمیان ساحل کو عبور کرلیا ہے کے زیر اثر آندھرا پردیش کے جنوب ساحلی علاقہ میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارش سے علاقہ رائلسیما کے علاوہ ساحلی اضلاع نیلور، پرکاشم، گنٹور، مشرقی گوداوری اور وشاکھاپٹنم کے چند مقامات پر عام زندگی متاثر رہی۔ وشاکھاپٹنم کے ساحل سے اونچی سمندری لہریں اٹھتی دیکھی گئیں۔ کاکیناڈا اور امبیڈکر کو نا سیما اضلاع کے ساحل سے بلند سمندری لہریں ٹکرا رہی تھیں۔ بندرگاہی شہر کے آر کے بیچ پر بلند سمندری لہریں دکانات تک پہنچیں۔ کاکیناڈا کے اپاڈا کے مقام پر سمندر غضبناک دکھائی دے رہا تھا۔ چند مقامات پر گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی درخت اور برقی پولس گرپڑے۔ ضلع کونا سیما کے اللہ ورم میں اوڈلا یرو بیچ پر بھی سمندر غضبناک رہا جہاں سمندر کا پانی آئیل اینڈ نیچرل گیس پلانٹ تک پہنچا۔ اترویدی کے مقام پر جہاں گوداوری سمندر میں جا ملتی ہے سمندر سے اٹھتی بلند لہریں دیکھی گئیں۔ حکام نے نظام پٹنم ، کرشنا پٹنم اور مچھلی پٹنم میں خطرہ کا تیسرا سگنل جاری کیا۔ وشاکھاپٹنم اور گنگاورم بندرگاہوں پر خطرہ کا پہلا سگنل جاری کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کا مرکز آئندہ 12 گھنٹوں کے درمیان کمزور ہوجائے گا۔