لندن۔28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر سیسل رائٹ کا نام عظیم ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں ویوین رچرڈز، گیری سوبرس اور فرینک وورل کی فہرست میں تو شامل نہیں لیکن طویل ترین عرصے تک کرکٹ کھیلنے کی بدولت انہوں نے دنیائے کرکٹ میں خود کو امرکر لیا۔ نوجوانی میں گیری سوبرس اور ویزلے ہال جیسے بولرز کے خلاف جمیکا کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر نے بالآخر 85 سال کی عمر میں کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔سیسل رائٹ 1959 میں انگلینڈ منتقل ہو گئے تھے اور سینٹرل لنکاشائر لیگ سے اپنا کیریئر شروع کیا جہاں 3سال بعد ہونے والی بیوی اینڈ سے ملاقات ہوئی جس کے بعد اپنا کیریئر وہیں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ رائٹ نے 60سال سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر میں 7 ہزار سے زائد وکٹیں لیں اور ایک موقع پر انہوں نے 5 سیزن میں 538 وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔ لیکن اب 60سال کے طویل عرصے کے بعد انہوں نے کیریئر کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔برطانوی روزنامہ ڈیلی مرر کے مطابق انہوں نے 20 لاکھ سے زائد میچوں میں شرکت کی لیکن اس کا کوئی ریکارڈ نہ ہونے کے سبب عالمی ریکارڈ تصور نہیں کیا جا سکتا۔رائٹ اپنے طویل کیریئر کا آخری میچ ہفتہ،7 ستمبر کو کھیلیں گے۔