رائے بریلی قتل کیس میں کانگریس نے یوگی آدتیہ ناتھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا

   

نئی دہلی، 6 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی نے رائے بریلی میں ایک دلت نوجوان کے قتل کیلئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس کے درج فہرست ذات کے محکمہ کے سربراہ راجندر پال گوتم اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں دلتوں کے خلاف مظالم کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس میں سب سے زیادہ واقعات اتر پردیش میں دیکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں ریاست میں دلت ظلم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ دلت ظلم کے واقعات اتر پردیش میں دیکھے جا رہے ہیں اور تازہ ترین واقعہ رائے بریلی میں پیش آیا جہاں ایک دلت نوجوان کو بے دردی سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس کیلئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پارٹی نے ان کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس واقعہ کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرائی جائے تاکہ قصورواروں کو سخت سزا دی جا سکے ۔ دونوں لیڈروں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی پانچ ریاستیں ملک میں دلت ظلم کے معاملات کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ ان ریاستوں میں دلت مظالم کا 75 فیصد حصہ ہے ۔ اکیلے اتر پردیش کا حصہ 26.2 فیصد ہے۔