حیدرآباد۔/24 نومبر، ( سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ رائے درگم میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں اپارٹمنٹ کی لفٹ کے نیچے آکر 9 سالہ کمسن بچہ ہلاک ہوگیا۔ ایس دھنش جو چاری نامی شخص کا بیٹا تھا اور ٹی وی ایس لیک ویو اپارٹمنٹ واقع پنچاوتی کالونی میں مقیم تھا۔ متوفی بچہ کے ارکان خاندان اس اپارٹمنٹ میں دیڑھ ماہ قبل منتقل ہوئے تھے۔ اتوار کی شام 5 بجے دھنش چوتھی منزل پر لفٹ کے دروازے کے قریب ہمیشہ کی طرح کھیل رہا تھا اور اچانک لفٹ اوپر کی سمت جاتا ہوا دیکھ کر اس نے لفٹ کا دروازہ کھول کر لفٹ کو دیکھنے کی کوشش کی جس کے دوران وہ توازن کھو بیٹھا لیکن اس کی بڑی بہن نے اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن پانچویں منزل سے لفٹ نیچے کی سمت آگئی اور دھنش نیچے گرپڑا اور لفٹ کے نیچے آگیا۔ اس حادثہ میں بچہ کے سر پر گہرا زخم آیا اور اسے مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس دلخراش واقعہ کے بعد اپارٹمنٹ میں غم و رنج کا ماحول پیدا ہوگیا اور پولیس رائے درگم نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا۔
