زیر زمین میٹرو خدمات کی تجویز ، پراجکٹ حکومت تلنگانہ کے زیر غور
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ریاست تلنگانہ بالخصوص گریٹر حیدرآباد شہر میں اب تک شہریوں کے لیے ایم ایم ٹی ایس اور میٹرو ریل کی سہولتیں فراہم کی گئیں ۔ لیکن دیگر مقامات کے شہریوں بالخصوص انٹرنیشنل ایرپورٹ روانگی کے لیے میٹرو ریل سے شمس آباد تا ایرپورٹ کو مربوط کرنے کے لیے حکومت سے فیصلہ کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اب کولکتہ کے خطوط پر ’ زیر زمین ریلوے لائن ‘ (انڈر گراونڈ ریلوے ٹریک ) کی تنصیب کے لیے منصوبہ سازی کی جارہی ہے ۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کو میٹرو ریل سے مربوط کرنے سے متعلق حکومت کے فیصلہ کے تحت ’ رائے درگم ، شمس آباد روٹس پر ایرپورٹ ایکسپریس میٹرو کاریڈار کے قیام پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ جملہ 31 کیلو میٹر فاصلہ تک میٹرو ریل لائن کی تنصیب عمل میں لانے کے لیے کئے جانے والے اقدامات کی روشنی میں تین کیلو میٹر فاصلہ تک یعنی شمس آباد ٹاون تا انٹرنیشنل ایرپورٹ ٹرمنل تک زیر زمین ریلوے ٹریک کی تعمیر کے لیے اقدامات کرنے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے اپنی پیش کردہ جامع رپورٹ میں تجویز پیش کی ہے ۔ ایر کرافٹس ( طیاروں ) کی لینڈنگ چائے و کافی وغیرہ کے لیے کسی بھی نوعیت کی مشکلات پیش نہ آنے کے لیے ہی انڈر گراونڈ میٹرو ٹرین لائن کی تجویز ہے جب کہ ایرپورٹ تک میٹرو ریل کی تنصیب کے انتظامات کے سلسلہ میں دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے پہلے ہی اپنی ایک جامع رپورٹ تلنگانہ حکومت کو پیش کرچکی ہے ۔ اس روٹ پر میٹرو ریل پراجکٹ کو روبہ عمل لانے کے لیے درکار 4500 کروڑ روپئے کی حکومت ذاتی طور پر سرمایہ کاری کرے گی یا عوامی خانگی شراکت داری کے ذریعہ مکمل کرے گی ۔ اس پر کوئی واضح موقف کا اظہار نہیں کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رائے درگم شمس آباد تک پہونچنے کے لیے تقریبا 50 منٹ درکار ہوں گے ۔ لیکن میٹرو ریل پراجکٹ کی عمل آوری کے ذریعہ عوام صرف 25 منٹ میں رائے درگم سے شمس آباد ایرپورٹ پہونچ سکتے ہیں اور اسی مناسبت سے ہی میٹرو ایکسپریس کاریڈار کا ڈیزائن مرتب کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر جامع پراجکٹ رپورٹ مرتب کرنے کی اطلاعات ہیں ۔ رائے درگم تا شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے درمیان ہر پانچ کیلو میٹر کے فاصلہ پر ایک میٹرو ٹرین اسٹیشن قائم کیا جائے گا تاکہ عوام کو سہولت ہوسکے اور ساتھ ہی ساتھ اسٹیشنوں کو مربوط کر کے سہولتوں کی فراہمی کے لیے ٹرانسپورٹ سہولتوں پر مبنی پراجکٹس کو بھی ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں اسٹیشنوں کے قیام سے متعلق آوٹر رنگ روڈ کے قریب واقع گچی باولی اپا جنکشن ، قسمت پور ، گنڈی گوڑہ چوراستہ ، شمس آباد ایرپورٹ کے پاس حصول اراضیات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ میٹرو ریل پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق پلرس کی تعمیر کے لیے زمینی مٹی ( سائیل ٹسٹنگ ) کی جانچ بھی کی جارہی ہے ۔۔