رائے درگم میٹرو اسٹیشن کا آئندہ ماہ افتتاح

   

حیدرآباد ۔29اکٹوبر ( سیاست نیوز) آئندہ ماہ رائے درگم میٹرو اسٹیشن کا افتتاح انجام دیا جائے گا ۔ دراصل دیپاولی تک ہی اس اسٹیشن کا افتتاح انجام دیا جانے والا تھا مگر درکار منظوریاں بروقت نہ ملنے کی وجہ سے تاخیر ہوگئی اور مزید چند دن انتظار کرنا پڑے گا جبکہ جے بی ایس اور ایم جی بی ایس لائن کا افتتاح ماہ ڈسمبر میں ہوگا ۔ میٹرو کاریڈار ۔3 ناگول تا رائے درگم ہے اور 29 کلو میٹر کے اس فاصلہ میں جملہ 24 میٹرو اسٹیشنس ہیں جن میں سے ہائی ٹیک سٹی تک جملہ 23اسٹیشنس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ مابقی ایک اسٹیشن رائے درگم کی تعمیر میں تاخیر ہوئی کیونکہ مائنڈ اسپیس کے پاس انڈر پاس فلائی اوور کی تعمیر جاری تھی اور فی الحال یہ تمام کام مکمل ہوچکے ہیں اور اسٹیشنس کی تعمیر آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے ۔ ہائی ٹیک سٹی تا رائے درگم ٹراک کے کام مکمل ہوچکے ہیں اور میٹرو ٹرائل رن بھی جاری ہے ، البتہ مسافرین کو کمشنر آف میٹرو ریلسیفٹی ( سی ایم آر ایس ) کی منظوری کے بعد ہی سفر کی اجازت دی جائے گی اور میٹرو کے ایک افسر نے بتایا کہ تاہم یہ مرحلہ ابھی تکمیل تک نہیں پہنچا ہے اور میٹرو ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی قریب میں امیر پیٹ میٹرو اسٹیشنس میں چھت سے سلاب کے ٹکڑے گر کر ایک خاتون کی ہلاکت ہونے کے واقعہ کے مدنظر سی ایم آر ایس باریک بینی سے سیفٹی کا جائزہ لے رہا ہے اور اس مرحلہ کی جلد از جلد تکمیل کرتے ہوئے میٹرو ریل کا آئندہ ماہ افتتاح کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں اور میٹرو عہدیداروں کا مزید کہنا ہے کہ جے بی ایس تا ایم جی بی ایس 10کلومیٹر طویل ٹراک کا افتتاح ماہ ڈسمبر میں کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔