حیدرآباد /24 ستمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ رائے درگم میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں دو نوجوان پانی کے سمپ میں مشتبہ طور پر گرکر ہلاک ہوگئے ۔ پولیس رائے درگم کے مطابق 19 سالہ عمران اور 29 سالہ افروز جو پیشہ سے سینٹرنگ مزدور تھے صفدر نگر بورا بنڈہ علاقہ کے ساکنان بتائے گئے ہیں ۔ دونوں ساتھی تھے اور ایک ساتھ کام کرتے تھے ۔ یہ دونوں گذشتہ چند دنوں سے رائے درگم کے علاقہ میں شیوا کمار نامی شخص کے مکان کی تیاری میں مصروف تھے اور کام کے دوران مشتبہ طور پر بلندی سے واٹر سمپ میں گرکر شدید متاثر ہوگئے جنہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ تاہم دونوں کا ایک ہی سمپس میں گرنا شبہ کا سبب بنا ہوا ہے ۔ عمران صفدر نگر اور افروز ظہیرآباد کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ رائے درگم پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔