ملازمین کو میٹرو ریل سے راست دفتر پہونچنے کی سہولت ملے گی
حیدرآباد۔ رائے درگ میٹرو ریل سے اترنے والے مسافرین جو راہیجا مائنڈ اسپیس میں اپنے دفاتر تک پیدل مسافت جلد ہی اسکائی واک کے ذریعہ طئے کرپائیں گے۔ راہیجا مائنڈ اسپیس میں زیر تعمیر اسکائی واک جو کہ 1.2کیلو میٹر طویل ہے اس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے زور دیا جا رہا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ تین ماہ کے دوران اس کی تعمیر کو مکمل کرلیا جائیگا۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس مرکز میں ایک لاکھ 10ہزار ملازمین ہیں اور ان کو پیدل مسافت طئے کرنے کی سہولت مل جائے گی اور وہ رائے درگ میٹرو اسٹیشن سے راست دفاتر پہنچ پائیں گے۔ مسٹر شرون کمار ڈائریکٹر آپریشنس نے بتایا کہ 100 کروڑ کی لاگت سے اس پراجکٹ میں تمام امور کو اندرون تین ماہ مکمل کرکے پائیدار اسکائی واک کی تیاری کی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ اسکائی واک کے تعمیراتی کام جاری ہیں اور پہلے مرحلہ میں راہیجا مائنڈ اسپیس سرکل کے حدود میں موجود 15 بلڈنگس کا احاطہ کیا جائے گا اور جلد ہی مابقی عمارتوں تک وسعت دی جائیگی ۔ حکام نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ملازمین کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ انہیں پیدل چلنے سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ میٹرو اسٹیشن سے راست دفاتر پہنچنے کی سہولت کی فراہمی پر زور دیا جا رہا ہے ۔ آئندہ ان کو مزید توسیع دینے کا کام جاری ہے۔بتایا جاتا ہے کہ موجودہ 1.2کیلومیٹر کے اسکائی واک میں 8ایسکیلیٹرس اور 5لفٹس رہیں گی ۔ درمیان میں اسکائی واک سے اترنے اور چڑھنے والوں کیلئے سہولت ہوسکے ۔ 2014 میں آندھرا پردیش انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن نے 110ایکڑ پر محیط آئی ٹی پارک کیلئے اراضی راہیجا کو فراہم کی تھی جہاں پر آئی ٹی کمپنیوں نے گرین بلڈنگ کی تعمیر کے ذریعہ اپنے دفاتر کے علاوہ آر اینڈ ڈی مراکز کا قیام عمل میں لایاگیا ہے اور یہاں اب 1.10 لاکھ افراد برسرکار ہیں۔
