رائے دہندوں میں بیداری کے لئے مختلف پروگرام

   

حیدرآباد 22 مارچ(یواین آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں رائے دہندوں میں بیداری پیداکرنے کے لئے بڑے پیمانہ پر مختلف پروگراموں کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔رائے دہندوں کو ان پروگراموں کے ذریعہ آگاہ کیاجارہا ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی جانچ کرلیں اور ان سیاسی جماعتوں کے فریب میں نہ آئیں جو انہیں مختلف ترغیبات کے ذریعہ رجھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔تلنگانہ کے ضلع میدک کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں منعقدہ ایک بیداری پروگرام کے دوران عہدیداروں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لئے آگے آئیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان رائے دہی سے دوری اختیار کر رہے ہیں، حالانکہ معمر افراد ووٹ ڈالنے کے لئے آگے آرہے ہیں۔چناو پاٹھ شالہ پروگرام کے تحت ناگرکرنول کے ضلع پریشد بوائز ہائی اسکول میں تمثیلی پولنگ کروائی گئی ۔عوام کو ای وی ایمس کی کارکردگی سے بھی واقف کروایا گیا۔