حیدرآباد20مارچ (یواین آئی ) انتخابات میں رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے امیدواروں کی جانب سے کئی طرح کے طریقے اختیارکئے جاتے ہیں تاہم اے پی میں ایک امیدوار کی جانب سے جو نیا طریقہ کار اختیار کیاگیا وہ کافی حیرت انگیز ہے ۔اے پی کے ضلع چتور کے چندراگری حلقہ میں ایک امیدوار کی جانب سے انوکھا طریقہ کار اختیارکیاگیا۔منگل کو تروپتی میں تلگو فلم ‘‘یاترا’’تھیٹر میں دیکھنے کے لئے ایک ہی دیہات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد پہنچی ۔بسوں میں کثیر تعداد میں ان افراد کو فلم دیکھنے کے لئے آتا دیکھ کر تمام حیرت زدہ ہوگئے کیونکہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ فلم دیکھنے ایک ساتھ اس علاقہ میں کبھی نہیں آئے تھے ۔چندراگری حلقہ کے حدود میں آنے والے راماچندراپورم منڈل کے ایک لیڈر نے فلم ‘‘یاترا’’دیکھنے کے لئے دیہاتیوں کی بڑی تعداد کوبھیجاتھا۔ان افراد کی بڑی تعداد کو دیکھ کر پولیس کے عہدیداروں نے ان سے اس تعلق سے معلومات حاصل کیں جس پر پتہ چلا کہ ایک لیڈرنے ان کو یہ ٹکٹس فراہم کئے ہیں۔ایک شخص کے پاس اس فلم کے 100ٹکٹس پائے گئے ۔ان ٹکٹس پر فلم کی تاریخ ،فلم دکھانے کے اوقات نہیں تھے ۔تروپتی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسروجئے راماراجو نے اس معاملہ پر انتخابی عہدیداروں کو توجہ دلائی۔