رائے دہندوں کو ووٹر سیلپس کی عدم وصولی

   

بوتھ لیول آفیسرس کے فون بند ، فہرست رائے دہندگان
میں ناموں کی موجودگی کی عدم تصدیق
حیدرآباد۔10اپریل (سیاست نیوز) شہر کے کئی علاقوں میں ووٹر سلپ موصول نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں اور اس سلسلہ میں رائے دہندوں کی جانب سے بوتھ لیول آفیسر سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش رائیگاں ثابت ہونے لگی ہے کیونکہ ان کے فون کام نہیں کر رہے ہیں۔ دونوں شہروں کے کئی حلقہ جات اسمبلی سے عوام نے اس بات کی شکایت کی ہے کہ انہیں رائے دہی سے ایک دن پہلے تک بھی ووٹر سلپس موصول نہیں ہوئے ہیں اور نہ ہی اس بات کی توثیق کی جا رہی ہے کہ ان کا نام فہرست رائے دہندگان میں ہے یا نہیں۔ ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور کا کہناہے کہ جی ایچ ایم سی حدود میں 100 فیصد رائے دہندو ںکو ووٹر سلپس پہنچادئیے گئے ہیں جبکہ حلقہ جات اسمبلی صنعت نگر‘ جوبلی ہلز‘ خیریت آباد‘ عنبر پیٹ ‘ چارمینار ‘ یاقوت پورہ اور بہادر پورہ کے کئی رائے دہندوں کی جانب سے اس بات کی شکایت کی جا رہی ہے کہ انہیں تاحال ووٹر سلپس موصول نہیں ہوئے ہیں۔ انتخابی عہدیداروں کے مطابق مراکز رائے دہی کے قریب بوتھ لیول آفیسر کو تعینات کیا جا رہاہے اور جس کسی رائے دہندے کو ووٹر سلپ وصول نہیں ہوئے ہیں وہ ان بوتھ لیول آفیسر س سے رابطہ کرتے ہوئے اپنے ووٹر سلپس حاصل کرسکتے ہیں۔ دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع سے بھی اس بات کی شکایت موصول ہورہی ہے کہ ان کے علاقو ں میں بھی ابھی تک ووٹر سلپس موصول نہیں ہوئے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بیشتر علاقوں میں بوتھ لیول آفیسر سے سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ووٹر سلپس وصول کرلئے ہیں اور وہ اپنے طور پر تقسیم انجام دے رہے ہیں۔اسی لئے شہریوں کو ووٹر سلپس موصول نہیں ہو رہے ہیں۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے حلقہ جات اسمبلی کے علاوہ ملکا جگری اور سکندرآباد کنٹونمنٹ جہاں ووٹر سلپس کی تقسیم کا عمل جی ایچ ایم سی کی ذمہ داری ہے ان علاقوں میں بھی ووٹر سلپس کی تقسیم کے سلسلہ میں اقدامات میں سست روی دیکھی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہری خود اپنے طور پر ووٹر سلپ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جن بوتھ لیول آفیسر س نے سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ووٹرسلپس حوالہ کئے ہیں ان کے خلاف ضلع الکٹور ل اتھارٹی کی جانب سے کاروائی کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے۔