رائے دہندوں کی توثیق کے پروگرام کا افتتاح

,

   

Ferty9 Clinic

شہریوں کو نام اور دیگر تفصیلات کی اصلاح و توثیق کیلئے سی ای او رجت کمار کا مشورہ

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر ۔(این ایس ایس ) تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر رجت کمار نے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ رائے دہندوں کے توثیقی پروگرام کے ذریعہ اپنے حلقہ ، پولنگ اسٹیشن ،گھر کے پتے اور نام کی توثیق کریں ۔ ڈاکٹر رجت کمار نے کہاکہ یہ نظریہ دراصل رائے دہندگان کو انتخابی تفصیلات اور خود اپنے معلنہ تفصیلات کی توثیق تک رسائی اور ان میں پائی جانے والی غلطیوں کی اصلاح کے مقصد پر مبنی ہے جس کے تحت نام ،عمر ، پتہ میں اگر کوئی غلطی ہے تو اُس کی اصلاح کی جاسکتی ہے ۔ کوئی کمی ہے تو اضافہ اور اگر رائے دہندہ موجود نہیں ہے تو فہرست سے نام حذف کیا جاسکتا ہے ۔ مزید برآں اس عمل سے وقت کی بچت ہوگی ۔ انھوں نے ووٹروں پر زور دیاکہ وہ ای وی ٹی ، این ایس وی پی پورٹل ، ووٹر ہیلپ لائین ، موبائیل ایپ کے علاوہ 1950 ڈائیل کرتے ہوئے اپنے اندراجات کی توثیق کرسکتے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ڈرائیونگ لائیسنس ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کی درخواست داخل کرنے پر شہریوں سے ووٹر شناختی کارڈ اور فہرست رائے دہندگان میں نام کے اندراج کے بارے میں پوچھا جاتا ہے چنانچہ فہرست رائے دہندگان میں شہریوں کے ناموں کی شمولیت اور بھی بڑھ جاتی ہے ۔ ان حالات میں شہریوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنی تفصیلات کو صدفیصد درست بنانے کے ان موقعوں سے بھرپور استفادہ کریں۔ انھوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ محلہ جات کے ویلفیر اسوسی ایشن اور دیگر اداروں کو بھی اس عمل میں متحرک کریں ۔ علاوہ ازیں انفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی ) سے وابستہ ملازمین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان خدمات سے استفادہ کریںاور دوسروں کو ترغیب دیں ۔ جوائنٹ ایڈیشنل سی ای او روی کرن ، کمشنر اینڈ ڈی ای او حیدرآباد لوکیش کمار ، زونل کمشنر ہری چندنا ، ایڈیشنل کمشنر الیکشنس جئے راج کنیڈی ، جوائنٹ کمشنر پنکجا اور دوسرے بھی اس اجلاس میں موجودتھے ۔