رائے دہندہ خاتون کی شیر خوار بچی کو سنبھالا

   

خاتون کانسٹبل کی انسانی ہمدردی
رائے دہندہ خاتون کی شیر خوار بچی کو سنبھالا
عوام کی ستائش، کمشنر نے انعام کا اعلان کیا
حیدرآباد۔ پولیس کے تصور کے ساتھ ہی عام طور پر سختی اور غیر ہمدردی کے سلوک کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن ایم ایل سی گریجویٹ الیکشن کی رائے دہی کے موقع پر آج بھونگیر میں ایک خاتون کانسٹبل نے خاتون رائے دہندہ کے شیر خوار کو سنبھالتے ہوئے ہر کسی کی ستائش حاصل کی ہے۔ بھونگیر کے بی بی نگر منڈل کے ضلع پریشد ہائی اسکول میں قائم کئے گئے پولنگ مرکز پر پیش آئے اس واقعہ نے سوشیل میڈیا پر کافی ہلچل پیدا کردی ہے۔ ایک خاتون رائے دہندہ اپنی شیر خوار بچی کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پہنچی۔ رائے دہی کیلئے وہ قطار میں کھڑی رہی اور رائے دہی کا مرحلہ مکمل ہونے کیلئے کافی وقت تھا خاتون کی بے چینی کو محسوس کرتے ہوئے بی بی نگر پولیس اسٹیشن کی خاتون کانسٹبل کویتا نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شیر خوار کو اپنی گود میں لے لیا۔ خاتون کے حق رائے دہی سے استفادہ تک انہوں نے شیر خوار کو ایک ماں کی طرح سنبھالا اور شیر خوار بچی بھی اطمینان سے گود میں سوتی رہی۔ اس واقعہ کی سوشیل میڈیا پر تشہیر کے بعد کمشنر راچہ کنڈہ مہیش بھاگوت نے خاتون پولیس کانسٹبل کویتا کی ستائش کرتے ہوئے انعام کا اعلان کیا۔