رائے دہی سے قبل کانگریس سکندرآباد سے کامیاب ہوگئی : ڈی ناگیندر

   

بی جے پی اور بی آر ایس دوسرے اور تیسرے مقام کے لیے مقابلہ کررہے ہیں ، اسمبلی حلقہ نامپلی میں انتخابی مہم
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اسمبلی حلقہ نامپلی میں لوک سبھا حلقہ سکندرآباد کے کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ احمد نگر ، سیتارام باغ ، مہدی پٹنم ڈیویژنس میں گھر گھر پہونچ کر عوام سے ملاقات کی اور ڈی ناگیندر کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر ڈی ناگیندر اسمبلی حلقہ نامپلی کے انچارج فیروز خاں کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے لیے ماحول سازگار ہے ۔ کانگریس پارٹی سکندرآباد کے بشمول 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انتخابات کے بعد کے سی آر کا سیاسی کھیل ختم ہوجائے گا ۔ بی آر ایس کے 20 سے زیادہ ارکان اسمبلی کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔ اب کی بار مودی کی ہار یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی کشن ریڈی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں ۔ بی آر ایس نے بی جے پی سے خفیہ اتحاد کرتے ہوئے ڈمی امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ ایسے امیدواروں سے چوکنا رہنے کی عوام سے اپیل کی ۔ کانگریس کے امیدوار ڈی ناگیندر نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے ۔ جس کو دیکھتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ رائے دہی سے قبل وہ ( ڈی ناگیندر ) کامیاب ہوگئے ہیں ۔ رائے دہی صرف ضوابطہ کی تکمیل ہے ۔ بی جے پی اور بی آر ایس دوسرے اور تیسرے مقام کے لیے کوشش کررہے ہیں ۔ کشن ریڈی مرکزی وزیر رہنے کے باوجود ناکام رکن پارلیمنٹ ثابت ہوئے ہیں ۔ اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں 2 فلائی اوورس تعمیر کرنے میں ناکام ہے ۔ بی آر ایس کو عوام نے اسمبلی انتخابات میں مسترد کردیا ہے جس کے بعد بی آر ایس خود کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے کانگریس کو شکست دینے خفیہ طور پر بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ اگر غلطی سے بھی بی آر ایس کو ووٹ دیا گیا تو اس کا راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا ۔ کانگریس کے قائد فیروز خاں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ نامپلی میں کانگریس کے لیے یکطرفہ مہم چل رہی ہے ۔ بی آر ایس اور بی جے پی کو اس کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ اس لیے وہ حلقہ اسمبلی نامپلی میں قدم رکھنے سے گھبرا رہے ہیں ۔ عوام ڈی ناگیندر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ ریاست میں کانگریس کی پہلی کامیابی حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے ہوگی ۔۔ 2