رائے دہی کے دن عوام عام تعطیل کے موڈ میں نہ رہیں

   

حکومت کے تمام وعدوں کی تکمیل، کارکنوں کو بلاجھجھک ووٹ کیلئے رجوع ہونے کا مشورہ : کے ٹی آر

حیدرآباد: ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے حیدرآباد کے عوام رائے دہی کے دن ہالی ڈے موڈ میں نا رہے بلکہ پولنگ مراکز پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے گاندھی نگر ڈیویژن میں پارٹی امیدوار ایم پدما نریش کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس نے 2016ء میں جی ایچ ایم سی انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کو صدفیصد مکمل کئے ہیں۔ ٹی آر ایس کے قائدین اور کارکن کالر اٹھا کر عوام سے رجوع ہوتے ہوئے ٹی آر ایس کیلئے ووٹ طلب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ رائے دہی کے دن عوام کے گھروں کو پہنچ کر انہیں ووٹ دینے کیلئے رائے دہی کے مراکز تک پہنچائے۔ اکثر دیکھا گیا ہیکہ شہر حیدرآباد کے عوام ججمینٹ کے دن ہالی ڈے موڈ میں ہوتے ہیں جس سے رائے دہی کا تناسب بہت کم درج ہوتا ہے۔ رائے دہی کے تناسب میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ کویتا نے کہا کہ ان 6 سال کے دوران گریٹر حیدرآباد کی ترقی کیلئے 67 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں سابق حکومتوں کے دوران گوکل چاٹ، لمبنی پارک اور دلسکھ نگر میں بم دھماکے ہوئے لیکن ٹی آر ایس کے دورحکومت میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح کنٹرول میں ہے۔ حیدرآباد کی شان میں نگینہ کی طرز پر کیبل برج تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے اس مرتبہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں سنچری مکمل کرنے کا دعویٰ کیا جو انہیں حقیقت میں تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔ کویتا نے بی جے پی کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ نا کھانے کی عوام سے اپیل کی۔ حیدرآباد کی ترقی و تعمیری اقدامات کو جاری رکھنے کیلئے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کی رائے دہندوں سے اپیل کی۔