رائے دہی کے دن پولیس کی سختی ، موٹر سائیکل سوار کو ہیلمٹ ، لائسنس اور آر سی ضروری

   

حساس پولنگ مراکز پر نیم فوجی دستوں کی تعیناتی ، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سندیپ شنڈالیہ
حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) پولیس کمشنر حیدرآباد سندیپ شنڈالیہ نے چہارشنبہ کو یہ کہا کہ رائے دہی کے دن پولیس دونوں شہروں میں سختی برتے گی۔ سنتوش نگر پولیس اسٹیشن کا اچانک معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سندیپ شنڈالیہ نے کہا کہ 30 نومبر کو تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات مقرر ہے اور انہوں نے عوام کو یہ مشورہ دیا کہ وہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالنے کے بعد اپنے مکان واپس لوٹ جائیں۔ سندیپ شنڈالیہ نے کہا کہ پولیس سڑکوں پر سختی کرے گی اور موٹر سیکل سوار کو ہیلمٹ لازم طور پر پہننا ہوگا اور ہر شہری کی گاڑی کا لائسنس و آر سی کی جانچ کی جائے گی۔ سندیپ شنڈالیہ نے عوام بالخصوص نوجوانوںکو یہ مشورہ دیا کہ وہ اپنا ووٹ کا حق استعمال کرنے کے بعد سڑکوں پر نہ گھومیں چونکہ پولیس کی ٹیمیں گشت کرتی رہیں گی۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ دونوں شہروں میں 670 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کی سیکوریٹی کیلئے نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا جارہا ہے۔ 310 غیر حساس پولنگ اسٹیشن میں ایک ہیڈ کانسٹبل اور ہوم گارڈ کو تعینات کیا جارہا ہے جبکہ 391 روٹ موبائیل پارٹیاں گشت کریں گی جبکہ بیشمار کوئیک ریاکشن ٹیمس اور اسٹرائیکنگ فورس علاقوں میں گشت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں پولیس تلاشی میں شدت پیدا کردی جائے گی لیکن میاں بیوی یا فیملی کے ساتھ جانے والے افراد کو نہ روکنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس کمشنر نے مجلسی رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی کیس کے بارے میں یہ کہا کہ وہ قانون کی کتاب سے کام کرتے ہیں اور اس کیس میں قانون اپنا کام کرے گا۔ب