رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے اقدامات کی ہدایت

   

ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسر جی روی نائک کی عہدیداران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

محبوب نگر ۔ 20 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عہدیدار اپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔ انتخابات روز بہ روز قریب ہوتے جارہے ہیں۔ ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسر جی روی نائک نے جمعرات کے دن اپنے کیمپ آفس میں ہدایت دی۔ وہ ریٹرننگ آفیسرس اور نوڈل آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں کئی ایک مسائل کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کی ہدایات کے مطابق سیول ایپ پر مہم چلائی جائے۔ عوام میں شعور بیداری کے لئے دیہاتوں میں پوسٹرس اور ہورڈنگس نصب کئے جائیں۔ شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد کے لئے پولنگ مراکز پر ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ضلع کلکٹریٹ میں قائم الیکشن شکایات مانیٹرنگ سیل پر وصول ہونے والی شکایات کو ڈیجیٹلائز کیا جائے۔ شکایات پر کئے جانے والی کارروائیوں کو صاف طور پر درج کیا جائے۔ انتخابی میٹریل کی تقسیم، استقبالیہ مراکز، رائے شماری مراکز کی نشاندہی اور تجاویز پیش کئے جائیں۔ ہر منڈل میں پولنگ مراکز کی نشاندہی کی جائے جن میں خواتین، معذورین کے مراکز، نوجوانوں کے ذریعہ چلائے جانے والے پولنگ مراکز کی خصوصی طور پر نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایک گھر کے تمام افراد (ووٹرز) ایک ہی پولنگ سنٹر پر آئیں اور کوئی اہل ہے اور ووٹ کے لئے اندراج نہیں کرپایا ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں جڑچرلہ رٹرننگ آفیسر، ریوینو ایڈیشنل کلکٹر ایس موہن راؤ، محبوب نگر آر ڈی او، رٹرننگ آفیسر انیل کمار، دیوا کدرہ ریٹرننگ آفیسر، اسپیشل کلکٹر نٹراج، نوڈل آفیسرس شریک تھے۔