رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے الیکشن کمیشن کی مساعی

   

نوجوان رائے دہندوں پر توجہ، ڈپٹی الیکشن کمشنر منوج ساہو کی حیدرآباد آمد
حیدرآباد ۔18۔ اگست (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے رائے دہی میں عوام کی شمولیت میں اضافہ کے لئے مہم کا آغاز کیا ہے ۔ اس مہم کا مقصد رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنا ہے ۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر منوج ساہو نے کہا کہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کا مقصد عوام کی شراکت کے حق میں مہم چلانا ہے۔ اس سلسلہ میں نوڈل آفیسرس کے لئے ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ اضلاع کے سسٹمیٹک ووٹر ایجوکیشن سے متعلق نوڈل آفیسرس کے لئے دو روزہ ٹریننگ پروگرام کا منوج ساہو نے افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 7 کروڑ رائے دہندے ایسے ہیں جو شہری علاقوں کے تعلیمی اداروں سے تعلق رکھتے ہیں لیکن رائے دہی میں ان کی حصہ داری انتہائی کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رائے دہندوں میں شعور بیداری کیلئے نوڈل آفیسرس کو اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ نوجوان رائے دہندوں کو جمہوری عمل کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ میں انتہائی کم رائے دہی کا فیصد درج کیا گیا ۔ 2018 ء اسمبلی چناؤ میں 73.37 فیصد رائے دہی درج کی گئی جو لوک سبھا چناؤ میں گھٹ کر 62.77 فیصد ہوگئی۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ شعور بیداری مہم چلائیں تاکہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ہو۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے عہدیدار سنتوش اجمیرا نے شعور بیداری کے مختلف نکات بیان کئے ۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح پر منصوبہ بندی کی جائے اور رائے دہندوں سے ربط قائم کیا جائے۔ جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد نے تلنگانہ میں نوڈل آفیسرس کی خدمات کو سراہا ۔ اسی دوران سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر دھرمیندر شرما نے ریاستی سطح کے علاوہ ضلع اور اسمبلی سطح کے ماسٹر ٹرینرس سے خطاب کیا۔ انہوں نے رائے دہی کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے گائیڈ لائینس پر عمل آوری کی ہدایت دی۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے مختلف سطح پر ٹریننگ پروگراموں کے انعقاد کی تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سطح پر 10 ماسٹر ٹرینرس کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے جبکہ ضلع واری سطح پر 5 اور اسمبلی سطح پر 5 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔