رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے سیاسی قائدین کی اپیل

   

معزز شہریوں اور نوجوانوں سے ملاقات، امیدواروں کے نمائندے سرگرم عمل

حیدرآباد۔12۔ مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں انتخابی مہم کی گہما گہمی کے بعد اب مکمل خاموشی کے دوران سیاسی کارکن و قائدین مراکز رائے دہی کے انتظامات میں مصروف دیکھے گئے جبکہ بعض علاقوں میں امیدواروں کے نمائندوں نے رائے دہندوں سے گھروں کو پہنچ کر ملاقات کی اور انہیں انتخابات کے متعلق صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے ان امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی جو عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے کام کررہے ہیں۔شہر کے بعض علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کے متعلق متفکر شہریوں نے نوجوانوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان 24گھنٹوں کے دوران ووٹ کی اہمیت اور اس کے استعمال کی ضرور ت سے واقف کروایا ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر کے علاوہ ریاست کے کئی مقامات پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کے اختتام کے بعد سے سرکردہ شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد امیدوار اپنے طور پر بغیر کسی شور شرابہ کے عوام سے ملاقات کرسکتا ہے علاوہ ازیں سیاسی جماعتوں کے دفاتر میں 13مئی یعنی رائے دہی کے دن استعمال کی جانے والی اشیاء بالخصوص فہرست رائے دہندگان اور دیگر اشیاء کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور سیاسی کارکنوں پر قائدین اور امیدواروں کی جانب سے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے دباؤ ڈالا جا رہاہے۔ شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ نے نہ صرف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور قائدین کو تشویش میں مبتلاء کیا ہوا ہے بلکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے عہدیداربھی اس پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔رائے دہی سے قبل خاموش مدت کے دوران سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں کی جانب سے اپنے کارکنوں کو رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے اقدامات اور طریقہ کار سے واقف کروایا جارہا ہے جبکہ متفکر شہریوں کے گروپس کی جانب سے رائے دہی میں حصہ لینے کی نوجوانوں کو ترغیب دیتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے جمہوریت کے اس جشن کا حصہ بنیں اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنے کردار کو ادا کریں تاکہ سیاسی جماعتوں میں اس بات کا احساس پیدا ہو کہ ان سے سوال کرنے والوں نے انہیں منتخب کیا ہے اور اب وہ سوال کر رہے ہیں۔3