رائے دہی کے فیصد میں اچانک اضافہ سے الیکشن کمیشن پر شبہات

   

پریسائیڈنگ آفیسر کی تفصیلات جاری کرنے کانگریس پارٹی کا الیکشن کمیشن کو مکتوب

حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ لوک سبھا رائے دہی سے متعلق بوتھ سطح کی تفصیلات تمام سیاسی پارٹیوں کو فراہم کی جائیں۔ پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر اور تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ رائے دہی کی تفصیلات جاری کرنے میں الیکشن کمیشن کی تاخیر کے سبب عوام میں شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی مراحل کی رائے دہی کے بارے میں الیکشن کمیشن نے دو علحدہ تفصیلات جاری کی ہیں۔ ہر مرحلہ میں دوسری مرتبہ جاری کی گئی تفصیلات میں ووٹ فیصد میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے سیاسی پارٹیوں کو فارم 17C کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا ہے۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں رائے دہی کی تکمیل کے بعد پریسائیڈنگ آفیسر کی جانب سے تفصیلات فراہم کی جاتی ہیں جس پر سیاسی پارٹیوں کے پولنگ ایجنٹس کی دستخط ہوتی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے فارم 17C کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا ہے جس کے نتیجہ میں لمحہ آخر میں رائے دہی میں اضافہ عوام کیلئے تشویش کا باعث بن چکا ہے ۔ نرنجن نے کہا کہ ابتدائی پانچ مراحل کی رائے دہی میں دو علحدہ ووٹنگ فیصد سے نہ صرف رائے دہندوں بلکہ سیاسی پارٹیوں میں شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ ووٹنگ مشینوں میں امکانی تبدیلی سے متعلق اطلاعات کو تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی پانچ مراحل میں 1.1 کروڑ رائے دہندوں کا اضافہ کیا گیا۔ 379 لوک سبھا حلقوں میں ہر حلقہ میں 28000 رائے دہندوں کی پولنگ کا اضافہ باعث حیرت ہے۔ آندھراپردیش ، کیرالا اور مہاراشٹرا میں ووٹنگ فیصد میں زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ نرنجن نے کہا کہ پریسائیڈنگ آفیسرس کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات ہر سیاسی پارٹی کو حوالے کی جائیں۔ ریٹرننگ آفیسرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ تفصیلات فراہم کریں تاکہ رائے شماری کے موقع پر ووٹ کی صحیح تعداد کا تقابل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ویب سائیٹ پر امیدواروں کے پرچہ نامزدگی، فارم 26 اور حلفنامہ آن لائین پیش کرتا ہے جس میں امیدواروں کی شخصی معلومات شامل ہوتی ہیں۔ اسی طرح رائے دہی کی تکمیل کے فوری بعد فیصد سے متعلق تفصیلات بھی ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں۔ 1