حیدرآباد :۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کی ریالی جلسہ یا جلوس کی اجازت نہیں رہے گی ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھاگوت نے بتائی ۔ انہوں نے آج رچہ کنڈہ میں موجودہ اسٹرانگ رومس کا جائزہ لیا ۔ رائے دہی کے بعد ڈبوں میں بند امیدواروں کی قسمت کی پولیس سختی سے حفاظت میں جٹ گئی اور اسٹرانگ رومس کے اطراف سخت ترین صیانت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ مہیش بھاگوت نے کہا کہ بیالٹ باکسوں کو جن اسٹرانگ رومس میں محفوظ رکھا گیا ہے ان مقامات پر سخت پولیس کا پہرہ لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے اسٹرانگ رومس کی جانچ کے بعد نریڈمیٹ بھارتیہ ودیا بھون ناچارم اور رامنتا پور کے علاقوں میں قائم کئے گئے رائے شماری کے مراکز کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کاوٹنگ سنٹرز کے اطراف 144 سیکشن کو نافذ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹرانگ رومس پر تھری ٹائر سیکوریٹی قائم کی گئی ہے ۔۔