ضلع کلکٹر سوریاپیٹ کی عہدیداران کو ہدایت
سوریاپیٹ /24 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر سوریاپیٹ ڈی اموئے کمار نے میونسپالٹی انتخابات کی رائے شماری کے ضمن میں رائے شماری مرکز ایس وی انجینئیرنگ کالج کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلع ایس پی سوریاپیٹ آر بھاسکرن تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے انتخابی انتظامیہ کو رائے شماری کے دوران بجلی کے مسائل نہ ہونے اور رائے شماری مرکز پر بنیادی سہولتیں جیسے پانی اور بجلی کے موثر انتظامات کرنے کی ہدایت کی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی قسم کے تکنیکی مسائل پیدا نہ ہوں ۔ ضلع کلکٹر سوریاپیٹ نے خاص طور پر عہدیداران اور ان کے عملے پارٹی امیدوار ، پارٹی ایجنٹ صحافی نمائندوں کو لازمی طور پر رائے شماری مرکز پر جاری کردہ شناختی کارڈ لانے کی ہدایت کی اور انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدوار یا پارٹی ایجنٹ میں سے کسی ایک کو ہی رائے شماری ہال میں داخل ہونے کی اجازت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی امیدوار یا ایجنٹ ایک مرتبہ رائے شماری ہال میں داخل ہوجائے تو انہیں رائے شماری کے اختتام تک باہر آنے کی اجازت نہیں ہے ۔ رائے شماری مرکز پر آنے والے عہدیداران ، ان کے عملے پارٹی امیدواروں ، صحافیوں اور سیکوریٹی اہل کاروں کو رائے شماری ہال میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے شماری ہال میں وقتاً فوقتاً وارڈ واری ہر راؤنڈ کی رایء شماری کی معلومات کی تفصیلات کو بذریعہ مائیک آگاہ کیا جائے گا ۔ رائے شماری کے دوران دفعہ 144 نافذ کیا جائے گا ۔ عوام کو پولیس عہدیداران کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی اور رائے شماری ہال کے باہر عوام کو گروپس کی شکل میں ٹہرنے پر پابندی لگائی اور عوام کو پولیس کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی ۔ برخلاف اس کے قانونی کارروائی عمل میں لانے کا انتباہ کیا۔ اس موقع پر ضلع ریونیو آفیسر پی چندریا ، میونسپل کمشنر رامانو جلا ریڈی ، بی سی فلاح و بہبود آفیسر بی جیوتی اور دیگر شامل تھے ۔