سستی زمین خریدی، لائسنس لیا، 50 کروڑ کمائے ۔ ای ڈی کی چارج شیٹ داخل
نئی دہلی:/18 جولائی (ایجنسیز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا کے خلاف گڑگاؤں کے مشہور زمین سودے میں منی لانڈرنگ کے الزامات پر دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔ چارج شیٹ میں واڈرا سمیت 11 دیگر افراد کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔اس کیس کی اگلی سماعت /24 جولائی کو ہوگی۔ذرائع کے مطابق، واڈرا کی کمپنی اسکائی لائٹ ہاسپیٹیلٹی پر 2008 میں گڑگاؤں کے سیکٹر 83 میں واقع شکو? پور گاؤں میں 3.5 ایکڑ زمین صرف 7.5 کروڑ روپے میں خریدنے، اور پھر چند ماہ بعد وہی زمین 58 کروڑ روپے میں ڈی ایل ایف کو فروخت کرنے کا الزام ہے، جس سے انہیں تقریباً 50 کروڑ روپے کا منافع ہوا۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ واڈرا کو اس زمین پر کمرشل ڈویلپمنٹ کا لائسنس اس وقت کی کانگریس حکومت نے فوری طور پر جاری کیا، جس کے نتیجے میں انہیں غیر معمولی مالی فائدہ ہوا۔ یہ سارا معاملہ ایک پولیس ایف آئی آر (2018، گڑگاؤں) پر مبنی ہے، جس میں زمین کی خرید و فروخت میں دھوکہ دہی اور جعلسازی کا الزام لگایا گیا تھا۔ای ڈی نے چارج شیٹ میں آنکاریشور پراپرٹیز کے ڈائریکٹرز ستیانند یا جی اور کے ایس ویرک کو بھی ملزم ٹھہرایا ہے۔ایک روز قبل ہی ای ڈی نے رابرٹ واڈرا اور ان کی کمپنیوں، خصوصاً اسکائی لائٹ ہاسپیٹیلٹی پر مشتمل 43 جائیدادیں، جن کی مالیت 37 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے، ضبط کرلی تھیں۔ یہ واڈرا کے خلاف دوسرا بڑا اقدام ہے۔ اس سے قبل اپریل میں ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف بھی چارج شیٹ داخل کی تھی۔
میں ہر سازش کیخلاف رابرٹ اور پرینکا کیساتھ کھڑا ہوں: راہول
نئی دہلی، 18 جولائی (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ مودی حکومت ان کی بہن پرینکا گاندھی واڈرا اور ان کے شوہر رابرٹ واڈرا کے خلاف مسلسل سازش کر رہی ہے اور وہ اپنی بہن اور بہنوئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔مسٹر گاندھی کا یہ بیان ای ڈی کی جانب سے مسٹر واڈرا کے خلاف جمعرات کے روز ہریانہ میں مبینہ زمین گھپلے معاملے میں داخل کی گئی چارج شیٹ کے تناظر میں آیا ہے ۔
چارج شیٹ داخل کرنے کے بعد ای ڈی نے مسٹر واڈرا کی تقریباً 36 کروڑ کی جائیداد بھی ضبط کر لی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے واڈرا خاندان کو اسی طرح ہراساں کیا جا رہا ہے ، لیکن ان کا خاندان بہادر ہے اور وہ ہر سازش کے خلاف پوری طاقت سے لڑیں گے ۔مسٹر گاندھی نے کہاکہ میں رابرٹ، پرینکا اور ان کے بچوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘میں جانتا ہوں کہ ان سب میں کسی بھی قسم کی ہراسانی کا سامنا کرنے کی ہمت ہے ، وہ بہادر ہیں اور وہ وقار کے ساتھ ہر سازش کا مقابلہ کرتے رہیں گے ، بالآخر سچائی کی ہی فتح ہوگی’’۔غور طلب ہے کہ ای ڈی نے گروگرام اراضی گھپلہ معاملے میں مسٹر واڈرا کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ، اس کیس کی اگلی سماعت 24 جولائی کو ہوگی۔