تحقیقات میں عدم تعاون ، سوشل میڈیا پر مقدمہ کی تفصیلات عام کرنے ای ڈی کا الزام
نئی دہلی۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے آج رابرٹ وڈرا کی عبوری ضمانت میں 2 مارچ تک توسیع دی ہے جوکہ یہاں منی لانڈرنگ مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں جس کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے دائر کیا گیا ہے اور اس میں کہا گیا ہے کہ رابرٹ وڈرا اس مقدمہ میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے بہنوئی وڈرا کو مخصوص جج اروند کمار نے ان کی عبوری ضمانت میں راحت فراہم کی ہے۔ عدالت نے اس کے علاوہ ان کے قریبی ساتھی منوج ارورہ کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت میں بھی توسیع کی ہے اور انہیں 2 مارچ تک اس معاملے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ای ڈی نے عدالت کو کہا ہے کہ مقدمہ کی تحقیقات کیلئے وڈرا سے پوچھ گچھ ضروری ہے اور ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کو منسوخ کیا جائے کیونکہ وہ مقدمہ کی تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔ دریں اثناء وکیل استغاثہ بی پی سنگھ اور ایڈوکیٹ نتیش رانا جوکہ ای ڈی کی نمائندگی کررہے ہیں، انہوں نے آج کہا کہ وڈرا تعاون نہیں کررہے ہیں بلکہ حیلے بہانے بنا رہے ہیں۔ دوسری جانب سینئر وکیل کے ٹی ایس تلسی نے ای ڈی کے وکلاء کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وڈرا سوالات اور تحقیقات کیلئے تیار ہیں اور جب کبھی انہیں طلب کیا جائے گا وہ حاضر رہیں گے۔ علاوہ ازیں سنگھ نے عدالت کو مطلع کیا ہے کہ وڈرا جہاں بھی جاتے ہیں، بارات کے ساتھ جاتے ہیں، چاہے وہ ایجنسی کے دفتر ہو یا پھر عدالت۔ انہوں نے کہا کہ وڈرا عدالت میں بھی بارات کے ساتھ ہی آتے ہیں۔ ان کا اشارہ وڈرا کے ساتھ موجود رہنے والے میڈیا نمائندوں کی طرف تھا۔ وکیل نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وڈرا سوشیل میڈیا اور خاص کر فیس بک کو استعمال کرتے ہوئے مقدمات کی تفصیلات منظر عام پر لا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ وڈرا نے لندن میں جائیداد کی خریداری کے ضمن میں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دے رکھی ہے۔