رابڑی کے بعد لالو یادو سے بھی سی بی آئی کی پوچھ گچھ

,

   

پٹنہ: زمین کے بدلہ میں نوکری معاملہ میں سی بی آئی ٹیم کے ذریعہ لالو پرساد یادو کے کنبہ سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو بہار میں رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر دستک کے بعد اب دہلی میں لالو پرساد یادو کی بیٹی اور ممبر پارلیمنٹ میسا بھارتی کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کی ٹیم پہنچی۔ یہاں پر ان کے والد لالو یادو سے پوچھ گچھ کی گئی۔افسران کے مطابق پانچ رکنی سی بی آئی ٹیم دو کاروں میں تقریبا پونے گیارہ بجے میسا بھارتی کے دہلی کے انڈیا گیٹ کے پاس پنڈارا پارک رہائش گاہ پر پہنچی تھی۔ یہاں پر انہوں نے تقریبا دو گھنٹوں تک لالو پرساد یادو سے پوچھ گچھ کی۔ بتادیں کہ اس معاملہ میں سی بی آئی پہلے ہی ایک چارج شیٹ داخل کرچکی ہے۔ سی بی آئی کی کارروائی پر بہار کے نائب وزیراعلی اور لالو کے بیٹے نے بی جے پی پر نشانہ سادھا ہے۔وہیں معاملہ میں لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی نے مرکزی سرکار پر نشانہ سادھا اور کہا کہ والد (لالو یادو) کو لگاتار پریشان کیا جارہا ہے، اگر انہیں کچھ ہوا تو میں کسی کو نہیں چھوڑوں گی، والد کو پریشان کررہے ہیں اور یہ ٹھیک بات نہیں ہے۔ یہ سب یاد رکھا جائے گا۔ وقت کافی طاقتور ہوتا ہے، اس میں بڑی طاقت ہوتی ہے۔ یہ یاد رکھنا ہوگا۔غور طلب ہے کہ یہ معاملہ زمین کے بدلہ میں نوکری دینے سے وابستہ ہے۔ راشٹریہ جنتا دل کے قومی صدر لالو پرساد یادو کی اہلیہ سابق وزیراعلی رابڑی دیوی سے بھی سی بی آئی کی ٹیم نے منگل کو پوچھ گچھ کی تھی۔ ان کی رہائش پر پیر کی صبح سی بی آئی کی ٹیم پہنچی تھی اور تقریبا پانچ گھنٹوں تک رابڑی دیوی سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔