پرانے شہر میں پہلے نیورو ہاسپٹل کا آج افتتاح
حیدرآباد۔ 30؍دسمبر( پریس نوٹ ) ممتاز کنسلٹنٹ نیورو سرجن ڈاکٹر جلیل کرمانی نے انکشاف کیا کہ راتوں کے جاگنے سے دماغ پر فالج کے حملے ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر کرمانی ایک پریس کانفرنس سے مخاطب تھے ۔ نیورو سرجن ڈاکٹر مصطفیٰ فیصل بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر کرمانی نے بتایا کہ بازاری غذاء کئی امراض کا سبب بنتی ہیں۔ بلڈ پریشر، ذیابطیس، چرچڑاپن، دماغی امراض کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 12تا 15سال کی عمر کے لڑکے اور لڑکیاں بھی ان امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ اس کی وجہ موبائل فون کا زیادہ استعمال اور راتوں کو جاگنا ہے۔ موبائل کے زیادہ استعمال سے تابکار شعاعیں دماغی کینسر کا سبب بنتی ہے۔ ان دنوں نوجوانوں کے مزاج میں چڑچڑاپن ہے جس سے والدین سے نافرمانی، تعلیم سے دوری ہوتی ہے۔ حیدرآباد میں چبوترہ کلچر اس قدر عام ہوگیا ہے کہ لوگ رات بھر جاگ کر صبح کی اولین ساعتوں میں سونے لگے ہیں۔ خواتین میں بھی جاگنے کا رجحان ہے جس سے گھروں کا نظام درہم برہم ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دماغی امراض میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اکثر و بیشتر مریضوں کا تعلق پرانے شہر اور اطراف سے ہوتا ہے۔ چنانچہ عوام کی خواہش پر شمشیرگنج میں ویسٹرن نیورو ہاسپٹل قائم کیا جارہا ہے جو اپنی نوعیت کا پہلا نیورو ہاسپٹل ہے جہاں مریضوں کی بازآبادکاری کی سہولت بھی ہے۔ یکم جنوری کو دوبجے دن اس کا افتتاح مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی سرپرستی میں جناب معظم خاں ایم ایل اے بہادرپورہ کریںگے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹکنالوجی اس قدر اڈوانس ہوچکی ہے کہ اب بروقت مریض کے رجوع ہونے پر فوری فالج سے متاثرہ حصے سے منجمد خون کو نکال دیا جاتا ہے جس سے خون کا دوران بحال ہوتا ہے اور مریض جلد نارمل ہوجاتا ہے۔ ڈاکٹر مصطفیٰ فیصل نے پاورپوائنٹ کے ذریعہ معلومات فراہم کیں۔