حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز)شہر حیدرآباد میں رات دیر گئے تک ہوٹلیں، پان شاپس اور دیگر تجارتی ادارے کھلے رکھنے پر پولیس کی جانب سے چالانات کئے جارہے ہیں۔ای پیٹی چالان سسٹم کے تحت کئی تاجرین کو بھاری چالانات یا معمولی سی جیل کی سزا سنائی جارہی ہے۔ اسی قسم کے ایک واقعہ میں پہاڑی شریف کے شاہین نگر علاقہ میں رات دیر گئے تک پان کی دکان کھلے رکھنے پر پولیس نے رکھشا پورم کنچن باغ کے رحیم پر ایک مقدمہ درج کیا اور انہیں عدالت میں پیش کئے جانے پر انہیں دو دن کی جیل کی سزا سنائی گئی۔ ایسے کئی تاجرین ہیں جنہیں عدالت جرمانہ عائد کررہی ہے یا پھر انہیں جیل کی سزا بھی سنائی جارہی ہے۔ ای پیٹی چالان سسٹم موجودہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے پولیس کمشنر حیدرآباد کے عہدہ پر فائز رہنے پر متعارف کیا تھا جس میں دکاندار کے خلاف کارروائی سے قبل اس کی ویڈیو گرافی کرتے ہوئے ثبوت کو عدالت میں پیش کیا جاتا ہے جس کی بنیاد پر سزا سنائی جارہی ہے۔
