راجامولی کو بھگوان پر یقین نہ رکھنے کا پورا حق : رام گوپال ورما

   

حیدرآباد، 21 نومبر (آئی اے این ایس) معروف فلم ساز رام گوپال ورما نے ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی کے اس بیان کا دفاع کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ بھگوان پر یقین نہیں رکھتے۔ ورما نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 25 ہر شہری کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ چاہے تو بھگوان پر یقین نہ رکھے۔ راجامولی کا یہ بیان اس وقت تنازعہ کا باعث بنا جب انہوں نے اپنی نئی فلم وارانسی کے عنوان کے تعارف کے ضمن میں منعقدہ تقریب کہا کہ وہ بھگوان کو نہیں مانتے۔ رام گوپال ورما نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ کچھ نام نہاد مذہبی لوگ راجامولی پر بے جا تنقید کر رہے ہیں، لیکن ہندوستان میں ملحد ہونا کوئی جرم نہیں۔ آئین کے مطابق کسی کو نہ ماننے کا بھی پورا حق حاصل ہے، لہٰذا راجامولی کو اس بات کا مکمل حق حاصل ہے کہ وہ کہیں کہ وہ بھگوان پر یقین نہیں رکھتے، جیسے ان کے مخالفین کو ماننے کا حق ہے۔ ورما نے ان لوگوں کی دلیل کو بھی مستردکیا جو یہ کہتے ہیں کہ اگر راجامولی بھگوان پر یقین نہیں رکھتے تو اپنی فلموں میں بھگوان کو کیوں دکھاتے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ کہا کہ اگر اس طرح سوچا جائے توکیا گینگسٹر فلم بنانے کے لیے ہدایتکار کوگینگسٹر بننا پڑے گا یا ہارر فلم بنانے کے لیے بھوت بننا ہوگا؟ انہوں نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ باوجود اس کے کہ راجامولی بھگوان پر یقین نہیں رکھتے، انہیں بے پناہ کامیابی، دولت اور شہرت ملی ہے جو شاید بہت سے مذہبی لوگوں کو سو جنموں میں بھی نہ مل سکے۔ ورما نے مزید کہا کہ یا تو بھگوان ملحدوں سے زیادہ محبت کرتا ہے، یا بھگوان کو کسی کے ماننے یا نہ ماننے کی پروا نہیں، یا پھر بھگوان ایسا نہیں ہے جو بیٹھ کر نوٹ کرتا رہے کہ کون اس پر یقین رکھتا ہے اور کون نہیں۔ اصل مسئلہ یہ نہیں کہ راجامولی ملحد ہیں، بلکہ یہ ہے کہ انہوں نے بھگوان کو مانے بغیر کامیابی حاصل کی ہے، اور یہ بات ان لوگوں کو چبھتی ہے جو بھگوان پر بھروسہ کرنے کے باوجود ناکام رہے۔