راجدھانی دہلی کا جہانگیرپوری تشدد معاملہ سپریم کورٹ پہنچا،ازخود نوٹس لے کر غیر جانب دارانہ عدالتی تحقیقات کروانے کی درخواست کی گئی

   

نئی دہلی: دہلی میں جہانگیرپوری تشدد کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کے سامنے ایک مکتوبہ عرضی دائر کی گئی ہے، جس میں عدالت کے از خود نوٹس لینے اور عدالت کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جہانگیرپوری تشدد کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے موجودہ جج کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے،وکیل نے الزام لگایا ہے کہ دہلی پولیس کی اب تک کی تحقیقات جانبدارانہ، فرقہ وارانہ اور براہ راست فسادات کی تیاری کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرنے والی ہے۔ اس عدالت نے 2020 میں فسادات کو روکنے میں ناکام رہنے پر دہلی پولیس کی سرزنش کی تھی۔ ایڈوکیٹ امرت پال سنگھ خالصہ نے مکتوب میں کہا کہ 2020 کے فسادات میں دہلی پولیس کی شبیہ خراب ہوئی ہے اور لوگوں کا اس پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔