راجدھانی لکھنؤ سمیت ریاست کے دیگر مقامات پربارش

   

لکھنؤ: کئی دنوں کی امس بھری گرمی کے بعد اترپردیش میں مانسونی بارش کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے ۔کئی دنوں بعد ہفتہ کی شام ہلکی بارش سے لوگوں کو گرمی اور حبس سے تھوڑی راحت ملی ہے ۔وہیں اب آج سے 20جولائی تک لکھنؤ، کانپور سمیت آس پاس کے شہروں اناؤ، قنوج ، اٹاوہ ، فتح پور، ہمیر پور، ہردوئی، جالون، چترکوٹ، مہوبہ، اوریا ، فرخ آباد وغیرہ اضلاع میں اچھی بارش کے آثار ہیں۔ بجلی گرنے کے بھی شبہات کا اظہار کیا گیا ہے ۔اس درمیان ہلکی بارش سے راجدھانی میں دن کا پارہ 29ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کم ازکم درجہ حرارت میں دو ڈگری کی گراوٹ آئی ہے ۔ اگلے 24گھنٹے میں اس میں بھی کمی آنے کے امکانات ہیں۔کانپور چندر شیکھر آزاد زرعی یونیورسٹی کے محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق اتوار سے گنگا جمنا کے درمیان میدانی علاقوں میں مانسونی بارش کی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی جو دو دنوں تک لگاتار جاری رہے گی۔