سی اے اے مودی کا فسطائی قانون : برطانوی موسیقار
لندن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی گلوکار و موسیقار راجرواٹرس نے دہلی کے ایک طالب علم اور شاعر عامر عزیز کی نظم ’’سب یاد رکھا جائے گا‘‘ کو گنگنایا۔ لندن میں وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی امریکہ کو حوالگی کے خلاف ایک ریالی سے بھی انہوںنے خطاب کیا جس کا انعقاد پارلیمنٹ اسکوائر میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم ہند نریندر مودی کے سی اے اے قانون کو فسطائی قرار دیا۔ عامر عزیز کی نظم گنگنانے پر وہاں موجود لوگوں نے تالیاں بجائیں۔ عامر عزیز کی نظم کشمیر کی دفعہ 370 کی منسوخی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جے این یو کے طلبہ پر پولیس اور شرپسندوں کی سفاکانہ کارروائی کا احاطہ کرتی ہے۔ اس نظم کو عامر عزیز نے جاریہ سال جنوری میں لکھا تھا۔ راجر واٹرس نے عامر عزیز کا تعارف پیش کرتے ہوئے انہیں دہلی کا ایک شاعر اور سماجی جہدکار قرار دیا جو مودی اور ان کی فسطائی اور نسل پرستانہ قانون کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں۔
