زیورخ ۔8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ٹینس کے میدان کے سوپر اسٹار سوئزرلینڈ کے راجر فیڈر آج اپنی 38ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ 8اگست1981کو سوئزرلینڈ کے شہر بیزل میں پیدا ہونے والے6فٹ 1انچ قد کے حامل راجرفیڈرر نے اپنے پروفیشنل ٹینس کیرئیر کا آغاز17سال کی عمر سے کیا۔ جونیئر ٹینس ٹورنمنٹس میں کمال کی مہارت کا کھیل پیش کرتے ہوئے میجر مین ایونٹس میں حصہ لینے والے راجر فیڈر20گرانڈ سلام خطابات جیتنے کے علاوہ کئی دیگر ٹینس خطابات اپنے نام کرچکے ہیں۔اے ٹی پی اسوسیشن آف ٹینس پروفیشنلز کی درجہ بندی میں تیسرے نمبرپر موجودراجر فیڈرر 2004 تا2008ء تک نہ صرف مسلسل237ہفتے نمبر ون پر رہنے کا اعزاز رکھتے ہیں بلکہ 302 ہفتوں تک نمبر ون مقام پر رہنے والے والے بھی واحد ٹینس کھلاڑی ہیں۔راجر فیڈررمعروف جریدے فوربز کی سب سے زیادہ معاوضہ کمانے والے ایتھلیٹس کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔