جے پور: راجستھان میں سولہویں اسمبلی کیلئے ہونے والے انتخابات میں سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے سمیت 20خواتین امیدوار الیکشن جیت کر اسمبلی پہنچی ہیں۔اس بار 183خواتین امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا جس میں 20کامیاب ہوئیں۔ ان میں کانگریس اور بی جے پی کی 9-9خواتین امیدواروں نے الیکشن جیتا، جبکہ دو آزاد خواتین امیدواروں نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔ اس بار انتخابات میں کانگریس نے 28 خواتین کو میدان میں اتارا جبکہ بی جے پی نے 20 خواتین کو الیکشن لڑنے کا موقع دیا۔ ان کے علاوہ بی ایس پی نے بھی تقریباً 20 خواتین امیدواروں کو میدان میں اتارا لیکن اس کی کوئی بھی خاتون امیدوار انتخابات میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ اسی طرح دیگر جماعتوں نے بھی خواتین کو انتخابات میں اتارا لیکن کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ ریاست کی 16ویں اسمبلی کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے والی بی جے پی کی جن 9 خاتون امیدواروں نے الیکشن جیتا، ان میں جھالراپاٹن اسمبلی حلقہ سے وسندھرا راجے ، ودیادھر نگر سے ایم پی دیا کماری، اجمیر ساؤتھ سے سابق وزیر اور ایم ایل اے انیتا بھدیل، بیکانیر سے سابق ایم ایل اے سدھی کماری، لاڈ پورہ ایم ایل اے کلپنا دیوی، راجسمند ایم ایل اے دیپتی ماہیشوری، سوجت سے ایم ایل اے شوبھا چوہان، سابق ایم ایل اے منجو باگھمار اور نوکشم چودھری شامل ہیں۔ اسی طرح کانگریس کی انتخابات جیتنے والے ی امیدواروں میں منڈاوا اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے ریٹا چودھری، کشل گڑھ سے ایم ایل اے رمیلا کھڑیا، دھول پور سے ایم ایل اے شوبھارانی کشواہا، بامن واس سے ایم ایل اے اندرا، انوپ گڑھ سے شملا نائک، نوکھا سے سشیلا ڈوڈی، ہنڈون سے انیتا جاٹو، بھوپال گڑھ سے گیتا بروڑ اور چومو سے ڈاکٹر شکھا میل برالا شامل ہیں۔ ان کے علاوہ الیکشن جیتنے والی دو آزاد خواتین امیدواروں میں باڑمیر سے پرینکا چودھری اور بیانا سے ترریتو باناوت شامل ہیں۔انتخابات جیتنے والی ان خواتین ایم ایل ایز میں، راجے سب سے زیادہ چھ بار ایم ایل اے کے طور پر اسمبلی پہنچیں۔
